وبائی مرض مزید 63 پاکستانیوں کی جانیں لے گیا، صورتحال تشویشناک  

Epidemic kills 63 more Pakistanis, situation critical
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 63 پاکستانی عالمی وبا کے مرض میں مبتلا ہو کر اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔ اموات میں حالیہ اضافے سے جاں بحق ہونے والوں کی مجموعی تعداد 11 ہزار 746 ہو گئی ہے۔

این سی او سی کے مطابق ملک میں گزشتہ روز 38 ہزار 813 ٹیسٹ کیے گئے، مثبت کیسز کی شرح 3.14 فیصد رہی۔ عالمی وبا میں مبتلا مریضوں کے ایک ہزار 220 نئے کیس سامنے آئے۔ اس وقت ملک بھر میں کنفرم کیسوں کی تعداد 5 لاکھ 47 ہزار 648 جبکہ ایکٹو کیسز کی تعداد 33 ہزار 365 ہے۔

صوبہ پنجاب عالمی وبا سے سب سے متاثر ہونے والا صوبہ ہے جہاں کے رہائشی 4 ہزار 793 افراد موت کی وادی میں جا چکے ہیں۔ دوسرے نمبر پر صوبہ سندھ ہے جہاں سے 4004 مریضوں کی اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔

دیگر علاقوں کی بات کی جائے تو خیبر پختونخوا 1 ہزار 912، اسلام آباد میں 475، گلگت بلتستان میں 102، بلوچستان میں 196 اور آزاد کشمیر میں 264 شہری اس موذی مرض کے ہاتھوں اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔

اس وقت آزاد کشمیر میں 382، بلوچستان میں 137، گلگت بلتستان میں 19، اسلام آباد میں 1342، خیبر پختونخوا میں 2 ہزار 970، صوبہ پنجاب میں 9 ہزار 775 اور صوبہ سندھ میں 18 ہزار 740 ایکٹو کیسز موجود ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان کے دیرینہ دوست چین کی جانب سے پاکستان کو عالمی وبا سے بچاؤ کے حفاظتی ٹیکوں کی پہلی کھیپ پہنچا دی گئی ہے۔ اس سلسلے میں پاک فضائیہ کا ایک خصوصی طیارہ بیجنگ روانہ کیا گیا تھا جو ادویات لے کر پاکستان پہنچا۔

ادویات کی حوالگی کی تقریب نور خان ایئربیس پر منعقد کی گئی جس میں چینی سفیر اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے خصوصی شرکت کی۔