پاکستان اور برطانیہ کا مجرموں کی حوالگی کیلئے معاہدے کو حتمی شکل دینے کا فیصلہ

 پاکستان اور برطانیہ کا مجرموں کی حوالگی کیلئے معاہدے کو حتمی شکل دینے کا فیصلہ
کیپشن: پاکستان اور برطانیہ کا مجرموں کی حوالگی کیلئے معاہدے کو حتمی شکل دینے کا فیصلہ
سورس: فوٹو/سوشل میڈیا

اسلام آباد: پاکستان اور برطانیہ نے مجرموں کی حوالگی کے لئے معاہدے کو جلد سے جلد حتمی شکل دینے پر اتفاق کر لیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید اور برطانوی ہائی کمشنر کرسٹیئن ٹرنر کے درمیان ملاقات میں اس حوالے سے فیصلہ کیا گیا۔

وزیر داخلہ شیخ رشید احمد سے پاکستان میں برطانیہ کے ہائی کمشنر کرسٹیئن ٹرنر نے ملاقات کی جس میں پاکستان اور برطانیہ کے مابین دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کےامور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں پاکستان اور برطانیہ کے درمیان مجرمان کی حوالگی سے متعلق معاہدے کے حوالے سے پیش رفت کا جائزہ بھی لیا گیا۔ وزیر داخلہ اور برطانوی ہائی کمشنر نے معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے پر اتفاق کیا۔

وزیر داخلہ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے مابین دیرینہ تعلقات ہیں اور دونوں ممالک کے عوام کے مابین بھی گہرے تعلقات استوار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ برطانیہ کی پاکستان سے متعلق مثبت سکیورٹی ایڈوائس کی وجہ سے ملک کو بہت فائدہ ہوا اور پاکستان کا بیرونی دنیا میں تاثر بہتر ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ بڑی بدقسمتی ہے کہ غریب ملکوں سے پیسہ لوٹنے والے بڑے ملکوں میں پناہ لیتے ہیں اور ایسے اقدامات کرنے چاہیں کہ جرم کرنے والے شخص کو کہیں پناہ نہ ملے۔ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان رابطے مزید تیز کرنے کی ضرورت ہے۔

برطانوی ہائی کمشنر نے پاکستان میں وبا کو کنٹرول کرنے کے حوالے سے حکومتی اقدامات و انتظامات کو اطمینان بخش قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی داخلی سکیورٹی کی صورتحال بہت تسلی بخش ہے جبکہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تجارت بڑھانے کے لئے اقدامات کو تیز کرنے کی ضرورت ہے۔ برٹش ایئرویز اور ورجن ائیرلائنز چلنے سے دونوں ملکوں کے درمیان تجارت اور سیاحت کو فروغ ملے گا۔