ایف آئی اے کی کارروائی ، جعلی لائسنس رکھنے والا پائلٹ گرفتار

ایف آئی اے کی کارروائی ، جعلی لائسنس رکھنے والا پائلٹ گرفتار
کیپشن: ایف آئی اے کی کارروائی ، جعلی لائسنس رکھنے والا پائلٹ گرفتار
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد: ایئرپورٹ پر ایف آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے جعلی لائسنس رکھنے والے پائلٹ کو گرفتار کر لیا ہے۔ ایف آئی اے نے مخبر کی اطلاع پر کارروائی کی اور ملزم پائلٹ فہد سلطان اسلام آباد سے برطانیہ کا جا رہا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ پائلٹ کا نام مبینہ جعلی لائسنس کے اجرا کے مقدمے میں درج تھا ۔ پائلٹ کے خلاف ڈپٹی ڈی جی سی اے اے ریگولیٹری کی جانب سے مبینہ جعلی لائسنس کے اجرا پر کراچی میں مقدمہ درج کیا گیا تھا اور چند دن پہلے بھی ایک پائلٹ اور سی اے اے کے افسران کی گرفتاری عمل مین لائی گئی تھی۔ 

ایوی ایشن ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار پائلٹ فہد کے پاس کمرشل پائلٹ لائسنس ہے لیکن وہ کسی ائیر لائن یا فلائنگ کلب کا ملازم نہیں ہے۔

اس سے پہلے ایک پائلٹ کو کراچی میں بھی گرفتار کیا جا چکا ہے اور اب تک جعلی لائسنس کیس میں ایف آئی اے نے سی اے اے کے لائسنس برانچ کے 5 افسران سمیت 7 افراد کو گرفتار کیا ہے۔ ایف آئی اے نے 3 ایف آئی آرز میں 40 پائلٹس، 8 سی اے اے افسران اور ایک پرائیوٹ فرد کو نامزد کر رکھا ہے۔