میٹرو اورنج لائن منصوبہ: کیس کی سماعت کرنے والا بینچ ٹوٹ گیا

 میٹرو اورنج لائن منصوبہ: کیس کی سماعت کرنے والا بینچ ٹوٹ گیا

اسلام آباد: سپریم کورٹ میں میٹرو اورنج لائن منصوبے سے متعلق کیس کی سماعت کرنے والا بینچ ٹوٹ گیا ، جسٹس امیر ہانی مسلم نے کیس سننے سے معذرت کرلی ۔  نئے بینچ کی تشکیل کے لیے کیس چیف جسٹس کو بھجوا دیا گیا ۔سپریم کورٹ میں میٹرو اورنج ٹرین منصوبے کے حوالے سے کیس کی سماعت  ہوئی۔ مقدمے کی سماعت شروع ہوئی تو پانچ رکنی بینچ کے سربراہ جسٹس امیر ہانی مسلم نے کیس سننے سے انکار کردیا۔جسٹس امیر ہانی کا کہنا تھا کہ وہ ذاتی وجوہات کی بنا پر کیس سننے والے بینچ کا حصہ نہیں بن سکتے۔
جس کے بعد اس مقدمے کی سماعت کرنے والا بینچ ٹوٹ گیا جبکہ نئے بینچ کی تشکیل کے لیے معاملہ چیف جسٹس سپریم کورٹ کو بھجوادیا گیا ۔اس موقع پرپنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے وکیل نے کیس کو دوبارہ جلد سماعت کیلئے لگانے کی درخواست کی ، جس پر جسٹس امیر ہانی نے ریمارکس دیئے کہ جب وہ کیس سن ہی نہیں رہے تو تاریخ کیسے دے سکتے ہیں ۔ اورنج لائن منصوبہ کے حوالے سے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف پنجاب حکومت نے سپریم کورٹ سے رجوع کررکھا ہے۔ پنجاب حکومت نے لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کی استدعا کی تھی۔تاہم سابق چیف جسٹس انور ظہیر جمالی نے یہ استدعا مسترد کرتے ہوئے ،،کیس سماعت کےلیے پانچ رکنی بینچ تشکیل دیا تھا ۔

مصنف کے بارے میں