مشن ریاض مکمل، وزیر اعلیٰ پنجاب لاہور پہنچ گئے

مشن ریاض مکمل، وزیر اعلیٰ پنجاب لاہور پہنچ گئے

لاہور: مشن ریاض مکمل ہو گیا۔وزیر اعلیٰ پنجاب لاہور پہنچ گئے ہیں۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ دورہ سعودی عرب کے حوالے سے ایک علیحدہ پریس کانفرنس کروں گا۔ سعودی عرب ہمارے بہترین دوست ممالک میں سے ہے اور سعودی عرب نے پاکستان پر ہمیشہ اندھا اعتماد کیا ہے یہ کوئی بناوٹی یا تقریر کے نہیں بلکہ دلوں سے رشتے جڑے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پاکستان کی 70 سالہ تاریخ دیکھ لیں ہر بحران، طوفان زلزلوں سمیت سفارتی اور عالمی سطح پر سعودی عرب نے اخلاص کے ساتھ پاکستان کا ساتھ دیا اور کبھی کوئی شرط نہیں رکھی۔

شہباز شریف نے کہا کہ سعودی عرب نے پاکستان کو اپنا دوسرا گھر قرار دیا ہے اگر وہاں اچانک چلا گیا تو کوئی اچنبے کی بات نہیں، انہوں نے مجھے عمرے کی دعوت دی اور ہمیشہ کی طرح بہترین مہمان نوازی کی۔ 

ترجمان شریف فیملی کے مطابق سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے شریف برادران کی ملاقات تقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہی۔

ترجمان شریف فیملی کے مطابق نواز شریف سعودی ولی عہد کے طیارے میں ہی مدینہ منورہ روانہ ہوئے۔ نواز شریف نے روضہ رسول ﷺ پر حاضری دی جس کے بعد وہ دوبارہ جدہ روانہ ہو گئے جہاں سے عمرے کے لیے مکہ مکرمہ جائیں گے۔

ترجمان شریف خاندان کا مزید کہنا ہے کہ عمرے کی ادائیگی کے بعد نواز شریف اسلام آباد کے لئے روانہ ہوں گے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں