عمران خان کی چاروں مقدمات میں عبوری ضمانت منظور

عمران خان کی چاروں مقدمات میں عبوری ضمانت منظور

اسلام آباد:اسلام آباد: انسداد دہشت گردی عدالت نے پی ٹی وی حملہ کیس سمیت دیگر 4 کیسز میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی ضمانت کی درخواستیں منظور کر لیں۔اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں عمران خان کے خلاف 2014 کے دھرنے کے بعد دائر کیے گئے پی ٹی وی، پارلیمنٹ حملہ، ایس ایس پی تشدد سمیت 4 مقدمات کی سماعت ہوئی۔ 

دوران سماعت پراسیکیوٹر چوہدری شفاقت نے کہا کہ سرکاری ٹی وی پر حملے کی اطلاع عمران خان کو عارف علوی نے دی جس کو انہوں نے سراہا اور عمران خان کے موبائل فون کا فارنزک کروانے پر مزید حقائق سامنے آئیں گے۔

پراسیکیوٹر نے کہا کہ نادرا نے پی ٹی وی پر حملہ کرنے والے 20 افراد کی نشاندہی کی ہے جن کا تعلق تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک سے ہے۔عدالت کے طلب کیے جانے پر عمران خان آج پانچویں مرتبہ پیش ہوئے اور وکلا کے دلائل سننے کے بعد فاضل جج نے چیئرمین تحریک انصاف کی ضمانت پر فیصلہ محفوظ کیا تھا اور ڈھائی بجے سنایا گیا۔

  عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں عمران خان کا کہنا تھا کہ میں قانون کا لاڈلہ ہوں اور قانون پرعمل کرتا ہوں مجھ پر مقدمات اس لیے ہیں کہ میں ان کا مقابلہ کر رہا ہوں خورشید شاہ کی طرح ڈبل شاہ بن جاؤں تو میرے کیس بھی ختم ہو جائیں گے لیکن ہمارا مقابلہ مافیا سے ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر نواز شریف کو این آر او دیا گیا تو سپریم کورٹ کو کہوں گا کہ جیل کھول دیں اور سب کو رہا کر دیں۔

13  دسمبر کو ہونے والی گزشتہ سماعت میں ان چاروں مقدمات میں عمران خان کی عبوری ضمانت میں 2 جنوری تک توسیع کی گئی تھی۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں