امریکی صدر کی پاکستان پر تنقید ، چین پاکستان کی حمایت میں کھڑا ہو گیا

امریکی صدر کی پاکستان پر تنقید ، چین پاکستان کی حمایت میں کھڑا ہو گیا

بیجنگ: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاکستان مخالف بیان کے بعد چین اپنے دیرینہ دوست ملک کی حمایت میں اٹھ کھڑا ہوا۔

آؤٹ لک انڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق چین کا کہنا ہے کہ عالمی برادری کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی غیر معمولی خدمات کو تسلیم کرنا چاہیے۔

تفصیلات کے مطابق جب چینی وزارت خارجہ کے ترجمان گینگ شوانگ سے ٹرمپ کی پاکستان پر حالیہ تنقید کے حوالے سے پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہت قربانیاں دے چکا ہے اور انسداد دہشت گردی کے عالمی مقصد کے لیے اس کی خدمات غیر معمولی ہیں، عالمی برادری کو انہیں تسلیم کرنا چاہیے۔

ترجمان چینی وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ چین اور پاکستان تمام موسموں کے دوست ہیں اور ہم دونوں فریقین کے فائدے کے لیے ہر طرح کے تعاون کو فروغ دینے اور مضبوط بنانے کے لیے تیار ہیں۔

  یاد رہے کہ گذشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر پاکستان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ امریکا نے گزشتہ 15 برسوں میں اسلام آباد کو احمقوں کی طرح 33 ارب ڈالر امداد کی مد میں دیے لیکن بدلے میں اسے جھوٹ اور دھوکہ ملا۔