ہلیری کلنٹن کی مشیر ہما عابدین نے خفیہ پاس ورڈز غیر ملکی ایجنٹوں کو دیے، ٹرمپ

ہلیری کلنٹن کی مشیر ہما عابدین نے خفیہ پاس ورڈز غیر ملکی ایجنٹوں کو دیے، ٹرمپ

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہلیری کلنٹن کی مشیر ہماعابدین پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے خفیہ پاس ورڈ غیرملکی ایجنٹوں کو دیے۔اپنے ٹوئٹر پیغام میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ بدعنوان ہما عابدین پر سیکیورٹی پروٹوکول نظر انداز کرنے کا الزام ہے۔

امریکی صدر نے کہا کہ محکمہ انصاف ہما عابدین کے خلاف کارروائی کرے اور انہیں جیل بھیجنا چاہیے۔29 دسمبر کو امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ نے ہما عابدین کی جانب سے بھیجی اور وصول کی گئی ای میلز جاری کی تھیں۔یہ ای میلز 2009 سے 2011 کے درمیان تھیں جس وقت ہلیری کلنٹن سیکرٹری آف اسٹیٹ تھیں۔ ان پر حساس معلومات دیگر ممالک کے ایجنٹس کو فراہم کرنے کا الزام ہے۔

ایف بی آئی نے 2016 میں ہلری کلنٹن کے خلاف تحقیقات کی تھیں جن پر الزام تھا کہ انہوں نے نیو یارک میں اپنی رہائش گاہ پر پرائیوٹ سرور استعمال کرتے ہوئے حساس نوعیت کی ای میلز کی تھیں جنہیں شاید ہیک کیا گیا تھا۔

ایف بی آئی نے طویل تحقیقات کے بعد یہ کیس بند کردیا تھا، تاہم اس کے کچھ روز بعد ان کی مشیر ہما عابدین کے سابق شوہر انتھونی وینز کے زیر استعمال ایک سرور سے ایسی ہزاروں نئی ای میلز ملیں، جو ہلیری نے مختلف ادوار میں بھیجے تھے۔

اس کے بعد ایف بی آئی نے ای میل کیس کی نئی تحقیقات کا اعلان کیا تھا۔