اوباما نے ایران کو جو پیسے دیے وہ دہشتگردی میں استعمال ہوئے، ٹرمپ

اوباما نے ایران کو جو پیسے دیے وہ دہشتگردی میں استعمال ہوئے، ٹرمپ

واشنگٹن،تہران: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نئے سال کے آغاز سے ہی پاکستان اور ایران کو نشانہ بنانا شروع کردیا ہے، ایران کے حوالے سے نئے بیان میں ٹرمپ نے کہا کہ اوباما انتظامیہ نے تہران کو احمقوں کی طرح جو پیسے دیے وہ دہشت گردی میں استعمال ہوئے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران میں جاری حالیہ مظاہروں کے حوالے سے کہا کہ بالآخر ایرانی قوم جابر اور بدعنوان ایرانی حکومت کے خلاف اٹھ کھڑی ہوئی ہے۔انہوں نے سابق امریکی صدر براک اوباما کے دور میں ایران سے ہونے والے جوہری معاہدے اور اس کے نتیجے میں ایران پر عالمی اقتصادی پابندیاں نرم ہونے کو نام لیے بغیر آڑے ہاتھوں لیا۔

ٹرمپ نے لکھا کہ صدر اوباما نے احمقوں کی طرح جتنے بھی پیسے ایران کو دیے وہ یا تو حکمرانوں کی جیبوں میں گئے یا پھر دہشت گردی میں استعمال ہوئے۔امریکی صدر نے مزید کہا کہ ایرانی عوام کے پاس خوراک کی کمی ہے، بے تحاشہ مہنگائی ہے اور کوئی انسانی حقوق حاصل نہیں۔آخر میں ٹرمپ نے لکھا کہ امریکا اس سارے معاملے کو دیکھ رہا ہے۔

یاد رہے کہ سال 2018 کی پہلی ٹوئٹ ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان اور دوسری ٹوئٹ ایران کے خلاف کی تھی۔ ایران میں 28 دسمبر سے حکومت کے خلاف مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے اور امریکی صدر مسلسل اس حوالے سے ٹوئٹ کررہے ہیں اور مظاہرین کی حمایت کررہے ہیں۔

ایران کے حوالے سے اس سے قبل اپنے بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ اوباما انتظامیہ کی جانب سے ایران سے کیے جانے والے بدترین معاہدے کے باوجود وہ ہر سطح پر بری طرح ناکام ہورہا ہے۔ ایران کے عظیم لوگوں کو کئی برسوں سے دبا کر رکھا گیا ہے۔ٹرمپ نے یہ بھی کہا تھا کہ ایرانی عوام خوراک اور آزادی کی متلاشی ہے، اس کے ساتھ ساتھ ان کی دولت اور انسانی حقوق پر بھی ڈاکہ ڈالا جارہا ہے، یہ وقت تبدیلی کا ہے۔

ٹرمپ نے یہ بھی کہا تھا کہ ایران میں مظاہرے ہو  رہے ہیں، لوگوں کو شعور آ  رہا ہے کہ کس طرح ان کا پیسہ چرایا جا  رہا ہے اور دہشت گردی میں استعمال کیا جا رہا ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ اب وہ اسے مزید برداشت نہیں کریں گے، امریکا ایران میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو باریکی سے دیکھ رہا ہے۔امریکا کی جانب سے مظاہرین کی حمایت پر ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا تھا کہ ایرانی قوم کو دہشت گرد کہنے والے کس منہ سے مظاہرین کی حمایت کررہے ہیں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ بیانات پر ایران نے سخت رد عمل جاری کیا ہے اور کہا ہے کہ ٹرمپ کو اپنے ملک کے بے گھر اور بھوکے لوگوں پر توجہ دینی چاہیے۔

ایرانی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دوسرے ملکوں کے حوالے سے بے سود اور توہین آمیز ٹوئٹس میں وقت برباد کرنے سے بہتر ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ اپنے ملک کے اندرونی مسائل پر توجہ دیں جہاں روز درجنوں لوگ مررہے ہیں اور لاکھوں بے گھر افراد موجود ہیں.

مصنف کے بارے میں