نواز شریف کی سزا معطلی کی درخواست دائر نہ ہوسکی

نواز شریف کی سزا معطلی کی درخواست دائر نہ ہوسکی
کیپشن: فوٹو: فائل

اسلام آباد : اسلام آباد ہائیکورٹ نے العزیزیہ سٹیل مل ریفرنس میں نواز شریف کی سزامعطلی کی درخواست پر اعتراض کرتے ہوئے واپس کر دی۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم نواز شریف نے العزیزیہ سٹیل ملز ریفرنس میں سزا معطلی کے لیے ہائی کورٹ سے رجوع کیا ، درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ اپیل پر فیصلہ آنے تک سزا معطل کی جائے، نواز شریف کی سزا معطلی کی درخواست پر رجسٹرار آفس نے اعتراض اٹھا دیا۔

متعلقہ افسران نے کہا کہ درخواست نامکمل ہے، مکمل کر کے جمع کرائی جائے ، جس پر نواز شریف کے وکیل نے کہا کہ ہمیں آدھا گھنٹہ دے دیں، درخواست جمع کروا دیتے ہیں، رجسٹرار آفس کے عملے نے کہا کہ آج وقت ختم ہو چکا ہے، کل اپیل دائر کر دیں۔

خیال رہے کہ احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے 24 دسمبر کو العزیزیہ ریفرنس کا فیصلہ سناتے ہوئے نواز شریف کو 7 سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی تھی جب کہ انہیں فلیگ شپ ریفرنس میں بری کیا گیا تھا۔

نیب آرڈیننس کے تحت فیصلے کی تاریخ کے بعد سزا پانے والے شخص کو 10 روز میں اپیل دائر کرنا ہوتی ہے، جس کے مطابق گزشتہ روز نواز شریف کی جانب سے سزا کے خلاف اپیل بھی دائر کی جا چکی ہے۔