یو اے ای کے ولی عہد آج پاکستان آئینگے

یو اے ای کے ولی عہد آج پاکستان آئینگے
کیپشن: یو اے ای کے ولی عہد نے گزشتہ سال 6 جنوری 2019ء کو پاکستان کا دورہ کیا تھا۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: متحدہ عرب امارات کے ولی عہد شیخ محمد زید بن النیہان آج پاکستان آئیں گے۔ 2020ء کے دوران کسی بھی عالمی شخصیت کا یہ پہلا دورہ پاکستان ہو گا۔

پاکستان میں تعینات متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید الزابی نے تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا کہ یو اے ای کے ولی عہد شیخ محمد بن زید النیہان آج پاکستان آئیں گے۔ یہ ایک روزہ سرکاری دورہ ہو گا۔

واضح رہے کہ یو اے ای کے ولی عہد نے گزشتہ سال 6 جنوری 2019ء کو پاکستان کا دورہ کیا تھا جو کسی بھی عالمی رہنما کی طرف سے سال کا پہلا دورہ پاکستان تھا۔ اس روایت کو برقرار رکھتے ہوئے وہ جمعرات 2 جنوری 2020 کو اپنے دوسرے دورہ پاکستان پر اسلام آباد پہنچیں گے۔

حماد عبید الزبی کا کہنا ہے کہ دورے سے دوطرفہ برادرانہ تعلقات کو مزید تقویت ملے گی، دورے کے دوران ولی عہد وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کریں گے۔

اماراتی سفیر کا کہنا تھا کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے اور باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت ہوگی جبکہ علاقائی وعالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

شیخ محمد بن زید کے اس دورے سے صرف ایک ہفتہ قبل ہی امارات کے وزیر برائے رواداری شیخ نہیان بن مبارک آل نہیان اسلام آباد آئے تھے۔انھوں نے وزیراعظم عمران خان اور صدر عارف علوی سے الگ ، الگ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات بڑھانے کے امکانات پر بات چیت کی تھی۔

گزشتہ ہفتے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود نے اسلام آباد کا دورہ کیا تھا۔انھوں نے صدر اور وزیراعظم سے ملاقات میں مقبوضہ کشمیر کے بارے میں پاکستان کے مؤقف کی حمایت کا اعادہ کیا تھا اور انھیں سعودی عرب کی مسئلہ کشمیر پر اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے وزرائے خارجہ کا اجلاس بلانے کے بارے میں تجویز سے آگاہ کیا تھا۔

وزیراعظم عمران خان نے 14دسمبر کو سعودی عرب کا دورہ کیا تھا اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا تھا۔اسی روز آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ابوظبی کا دورہ کیا تھا اور ولی عہد شیخ محمد بن زاید سے ملاقات میں علاقائی سلامتی کے ماحول اور باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی تھی۔