پیپلز پارٹی کی وجہ سے سندھ کے شہری صحت کارڈ سے مستفید نہیں ہوں گے: فواد چوہدری

پیپلز پارٹی کی وجہ سے سندھ کے شہری صحت کارڈ سے مستفید نہیں ہوں گے: فواد چوہدری
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

کراچی: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ سندھ واحدصوبہ ہے جس کے شہری صحت کارڈ سے مستفید نہیں ہوں گے، پیپلز پارٹی سندھ کے لوگوں سے نجانے کس چیز کا بدلہ لے رہی ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہد ری کا کہنا تھا کہ سندھ کے ہسپتالوں کا جو حال ہے اس سے عام آدمی متاثر ہو رہا ہے اور اب سندھ وہ واحد صوبہ بھی ہے جس کے شہری صحت کارڈ سے مستفید نہیں ہو سکیں گے، معلوم نہیں پیپلز پارٹی سندھ کے لوگوں سے کس چیز کا بدلہ لے رہی ہے۔ 

فنانس ترمیمی بل کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ ہم نے 5 سالوں میں 55 بلین ڈالر واپس کرنے ہیں، فنانس ترمیمی بل 15 سے 20 جنوری تک پاس ہو جائے گا اور جہاں تک سٹیٹ بینک کی بات ہے تو اسے انٹرنیشنل مانیٹرنگ فنڈ (آئی ایم ایف) کے پاس گروی نہیں رکھا بلکہ اس کی آزادی ہی پاکستان کے مفاد میں ہے۔ 

سابق وزیراعظم نواز شریف کی وطن واپسی سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے ان کی واپسی کیلئے اٹارنی جنرل کو ہدایات جاری کی ہیں۔ شہباز شریف نواز شریف کو واپس لائیں، نہیں تو جعلی حلف نامہ جمع کرانے پر ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔ 

انہوں نے کہا کہ پولیس موٹر سائیکل چوری کے مقدمے میں بھی بہو اور بیٹیوں کو اٹھا کر لے جاتی ہے لیکن نواز شریف کے معاملے پر کچھ نہیں ہو رہا، ہائیکورٹ کو اس معاملے پر ازخود نوٹس لے کر شہباز شریف کو بلانا چاہئے اور جعلی حلف نامہ جمع کرنے پر ان کے خلاف کارروائی کی جانی چاہئے۔