مصر: ریت میں لوگ خود کو کیوں دفن کرتے ہیں ؟

مصر: ریت میں لوگ خود کو کیوں دفن کرتے ہیں ؟

سیوہ: مصر کے شمال مغربی صوبے مطروح کے شہر سیوہ میں ہر سال ان دنوں میں انتظامیہ اُن افراد کے اعداد و شمار حاصل کرنے کی تیاری کرتی ہے جو ریت کے حماموں کے ذریعے علاج کی غرض سے یہاں کا رخ کرتے ہیں۔

مختلف بیماریوں میں مبتلا افراد یہاں آ کر خود کو 3 روز ریت میں دفن کرتے ہیں۔ علاج کا دورانیہ دوپہر دو بجے سے غروب آفتاب تک ہوتا ہے۔


مصر میں وزارت ماحولیات نے مذکورہ مقام پر ریت کے گرم حمام کے ذریعے علاج کے حوالے سے رہ نمائی کا کتابچہ تیار کیا ہے۔ علاج کی غرض سے لوگوں کی آمد کا سیزن ہر سال جولائی سے شروع ہو کر ستمبر کے اختتام تک جاری رہتا ہے۔

وزارت ماحولیات کے اعداد و شمار کے مطابق ریت کے حماموں کے ذریعے علاج کے خواہش مند مریضوں کی تعداد 5500 تک پہنچ گئی ہے جن کا تعلق مخلتف ممالک سے ہے۔وزارت کا کہنا ہے کہ ریت کا حمام روایتی علاقائی علاج کا ایک طریقہ ہے جو سیوہ کے ریگستان میں نسل در نسل چلا آ رہا ہے۔ سابقہ تجربات سے اس کے ذریعے متعدد بیماریوں کا کامیاب علاج ثابت ہو چکا ہے۔ ان امراض میں جسم میں نمی اور گَٹھیا کے علاوہ کمر ، مرمری ہڈی اور ریڑھ کی ہڈی کا درد نمایاں ترین ہیں۔


اس سلسلے میں صوبے کے صدر مقام "مطروح مرسی" شہر سے تعلق رکھنے والے مصری عوض الزعیری نے بتایا کہ "سیوہ کی ریت ایسے عناصر اور مواد سے بھرپور ہے جوانسانی جسم میں خون کی گردش کو سرگرم کرنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ یہ جسم سے زہریلے مواد کو خارج کرتے ہیں اور جوڑوں کے امراض کے علاج میں بھی مدد دیتے ہیں۔ علاج کے سیزن کے دوران مریض کو ماہر طبیبوں کی نگرانی میں ریت کے حمام میں دفن کیا جاتا ہے"۔

الزعیری کے مطابق پہلے مریض کا طبی معائنہ کر کے دل کی حالت اور شوگر اور فشارِ خون کی سطح کے بارے میں معلومات حاصل کی جاتی ہیں۔ اس کے بعد صبح صادق کے وقت مریض کے قد کے برابر گڑھا کھودا جاتا ہے جس کو دوپہر تک دھوپ کے حصول کے لیے چھوڑ دیا جاتا ہے۔ دوپہر دو بجے مریض کپڑوں کے بغیر اس گڑھے میں لیٹ جاتا ہے اور پھر سر کو چھوڑ کر باقی پورا جسم ریت سے ڈھانپ دیا جاتا ہے۔ مریض کے سر کو دھوپ سے بچانے کا انتظام ہوتا ہے۔


الزعیری کا کہنا ہے کہ مریض کی برداشت کے مطابق ایک دن کے اندر ریت کو کئی مرتبہ تبدیل بھی کیا جاتا ہے۔ طبیب اور معالج کے بتائے ہوئے وقت تک مریض گڑھے میں رہتا ہے۔ اس کے بعد مریض کو اُونی کمبل میں لپیٹ کر اس کے خیمے کے اندر پہنچایا جاتا ہے جہاں وہ میتھی کے گرم پانی کا ایک کپ پیتا ہے جو مزید پسینہ لانے میں مدد دیتا ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔