لاہور: وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا گزشتہ روز کی گفتگو میرے خیالات اور جذبات تھے کیونکہ سیاسی کارکنوں کی ذمے داری ہے وہ جو محسوس کریں، دیکھیں اس کا اظہار کریں۔ ہمیں کسی کو چیلنج نہیں کرنا اور نہ ہی جھگڑنا ہے لیکن ہمیں نفرت اور تعصب کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا جب میثاق جمہوریت پر دستخط کیے جا رہے تھے کچھ لوگ میثاق جمہوریت کو ٹارگٹ کر رہے تھے کیونکہ قرارداد مقاصد کے بعد میثاق جمہوریت پاکستان کے سیاسی منظر نامے کی اہم دستاویز ہے لیکن میثاق جمہوریت بھی نفرت، تعصب سے بھرے ہوئے لوگوں کو پسند نہیں آئی تھی۔ برسوں کی محنت اور جھگڑوں کے بعد میثاق جمہوریت ہوا تھا جبکہ میثاق جمہوریت میں تھا کہ کسی مارشل لا کا سہارا نہیں بنیں گے۔ اس کے علاوہ یہ بھی لکھا گیا تھا کہ ملکی اداروں کو آئین کے تابع چلنا ہو گا۔ اب اس سفر کو ریورس گیئر نہیں لگنے دینا۔
وزیر ریلوے نے کہا ہمیں بولنے سے روکا نہیں جا سکتا ہم نہیں بولیں گے تو کون بولے گا کیونکہ ہمیں ووٹ کی طاقت سے منتخب کیا گیا ہے۔ جب مسلم لیگ ن نے حکومت سنبھالی کئی بحران ورثے میں ملے کراچی میں لوگ مار دیے جاتے تھے کیونکہ دہشت گردی کا راج تھا اور پاکستان کا پرچم کئی علاقوں میں لہرایا نہیں جا سکتا تھا لیکن ہماری حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے دہشت گردی کا نیٹ ورک ٹوٹا ہے۔ انہوں نے مزید کہا آج کراچی کا امن لوٹ چکا ہے اور بلوچستان میں لوگوں کے چہروں پر رونق ہے جبکہ پاکستان معاشی طور پر ترقی کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا 20 کروڑ لوگوں کے ملک کو ٹھیک کرنا آسان کام نہیں اور اگر ہم اسے ٹھیک کرنے کی کوشش کرتے ہیں تو اسپیڈ بریکر لگائے جاتے ہیں کیونکہ پاناما کے مقدمے سے پہلےاسٹاک مارکیٹ اوپر جا رہی تھی۔ پاناما پیپرز کو پاناما کی ریاست بھی تسلیم نہیں کرتی بلکہ کسی نے اسے سنجیدہ نہیں لیا صرف پاکستان میں سنجیدہ لیا گیا۔ ہمیں پتا تھا ان کو غیبی مدد آئے گی اور کہاں سے آئی گی یہ بھی پتا تھا۔
انہوں نے اپنے خطاب میں کہا وزیراعظم نواز شریف کسی کے سامنے سر نہیں جھکاتا اور نہ ہی ملک کا سر جھکنے دیتا ہے۔ ہمارے دشمن نہیں چاہتے کہ ہم سر اٹھائیں اور اگر پاکستان مضبوط ہو گا تو بھارت کشمیر پر تسلط برقرار نہیں رکھ سکے گا اور نہ ہی کوئی ریمنڈ ڈیوس جا سکے گا۔
وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے سیاسی جماعتیں ملک کو جوڑتی ہیں ایگزیکٹو آرڈر نہیں جوڑ سکتے جبکہ ملک میں افواج اور عدلیہ کے ساتھ سیاست دانوں کی بھی عزت ہونی چاہیئے۔ سب کو چور قرار دیں گے تو ملک میں جمہوریت سے سب کا اعتبار اٹھ جائے گا۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں