سہ ملکی ٹی 20سیریز:آسٹریلیا نے پاکستان کو 9وکٹ سے شکست دیدی

سہ ملکی ٹی 20سیریز:آسٹریلیا نے پاکستان کو 9وکٹ سے شکست دیدی
کیپشن: تصویر بشکریہ سوشل میڈیا

ہرارے:سہ ملکی ٹی 20سیریز کے دوسرے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو بدترین شکست دیدی۔تفصیلات کے مطابق زمبابوے میں جاری سہ ملکی ٹی 20 سیریز میں آسٹریلیا نے پاکستان کو  9 وکٹ سے شکست  دیکرپہلی کامیابی حاصل کرلی۔

زمبابوے کے ہرارے اسپورٹس کلب میں کھیلے گئے  میچ  میں کینگروز کپتان ایرون فنچ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا  تو گرین شرٹس کی جانب سے محمد حفیظ اور فخر زمان نے اننگز کا آغاز کیا۔

ابتدا سے ہی قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن دباؤ کا شکار رہی اور صرف 24 کے مجموعی سکور پر 4 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے، محمد حفیظ صفر، حسین طلعت 10، فخر زمان 6 اور کپتان سرفراز احمد 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

شعیب ملک کا سفر بھی 13 رنز تک محدود رہا اور آصف علی بھی 22 رنز تک ٹیم کا سہارا بنے، شاداب خان نے مزاحمت کی کوشش کی اور وہ سب سے زیادہ 23 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

فہیم اشرف 21، محمد نواز 6 اور حسن علی بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے اور پوری قومی ٹیم 19.5 اوورز میں 116 رنز بناسکی۔

آسٹریلیا کی جانب سے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے بلی سٹینلک نے چار اوور میں 8 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں جب کہ اینڈریو ٹائی نے 3، مارکس سٹونیس اور جے رچرڈسن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

آسٹریلیا کے خلاف ٹیم میں کوئی تبدیلی ںہیں کی گئی اور قومی ٹیم محمد حفیظ، فخر زمان، حسین طلعت، کپتان سرفراز احمد، شعیب ملک، آصف علی، شاداب خان، محمد نواز، فہیم اشرف، حسن علی اور عثمان خان پر مشتمل ہے۔117رنز ہدف کا تعاقب آسٹریلوی ٹیم نے ایک وکٹ کے نقصان پر 10.5 میں کیا۔کینگرو کپتان ایرون فنچ نے سب سے زیادہ 68رنز کی اننگز کھیلی جبکہ اوپنر شارٹ نے 15 اور ٹریوس ہیڈ نے20 رنز بنائے۔پاکستان کی جانب سے حسن علی نے واحد وکٹ حاصل کی۔بلی سٹینلک کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

کینگروز کپتان ایرون فنچ کو گلین میکسویل، الیکس کیری، ایشٹن اگر، ٹرویس ہیڈ، نک میڈنسن، جے رچرڈسن، آرکی شارٹ، بلی اسٹین لیک، مارکس اسٹونس، اینڈریو ٹائی کی خدمات حاصل ہیں۔

آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی طرز کی کرکٹ میں گرین شرٹس کو برتری حاصل ہے، دونوں ٹیمیں اب تک 14 مرتبہ مدمقابل آئیں جس میں پاکستان کو 8 اور آسٹریلیا کو 6 میچز میں کامیابی ملی۔ 

آخری مرتبہ دونوں ٹیمیں 2016 میں کھیلے جانے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں مدمقابل آئیں تھی جس میں آسٹریلیا نے گرین شرٹس کو 21 رنز سے شکست دی تھی۔


گزشتہ روز سیریز کے پہلے میچ میں زمبابوے کو شکست دینے کے بعد پاکستان کو 2 پوائنٹس حاصل ہیں جب کہ قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد جیت کے تسلسل کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔