اب لوگوں کے مسائل خود حل کروں گا، عوام میرے بازو بنیں، بلاول

08:48 PM, 2 Jul, 2018

ٹھٹھہ :پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے پارٹی کی ملک گیر انتخابی مہم کا آغاز کردیا ہے۔انتخابی مہم میں رواں دواں بلاول بھٹو کا قافلہ ٹھٹھہ پہنچ گیا جس کے بعد وہ دیگر شہروں میں بھی جلسے کریں گے۔

بلاول بھٹو گھارو میں خطاب کے بعد کنٹینر میں سوار ہوگئے اور کہا کہ پہلی بار ووٹ لینے آیا ہوں، امید ہے آپ مایوس نہیں کریں گے۔بلاول بھٹو زرداری اندرون سندھ کے دورے کے موقع پر ٹھٹھہ، سجاول، گولارچی، بدین ،تلہار، ماتلی، ٹنڈو محمد خان اور حیدرآباد میں انتخابی جلسوں سے خطاب مرحلہ وار خطاب کریں گے۔چیئرمین پیپلز پارٹی اندرون سندھ دورے کے لیے بلاول ہاس سے قائدآباد پہنچے تو ان کا وہاں والہانہ استقبال کیا گیا،کارکنان نے ان کے قافلے پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور ان کے حق میں نعرے بھی لگائے۔

اس موقع پر مختصر خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کا ہمارا آپ کا رشتہ نسلوں پرانا ہے، پیپلز پارٹی تشدد کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی، گزشتہ روز لیاری میں پرتپاک استقبال مخالفین کو پسند نہیں آئی اور انہوں نے سازش کے تحت ہم پر پتھرا کیا۔ٹھٹھہ میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم نے اپنا منشور پیش کردیا ہے، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام جیسے انقلابی پروگرام شروع کیے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم لوگوں کو فوڈ کارڈ دیں گے،جس سے لوگوں کو کھانا پینا سستا ملے گا، پیپلزپارٹی نے ہمیشہ لوگوں کی خدمت کی ہے، قائم علی شاہ اور مراد علی شاہ نے جتنا کام کیا ہے سندھ کی تاریخ میں اتنا کام کسی اور وزیر اعلی نے نہیں کیا۔بلاول نے کہا کہ اب عوام کے مسائل میں خود حل کروں گا، مجھے آپ کا ساتھ چاہیے، عوام میرے بازو بنیں، میں ملک کی تقدیر بدلنا چاہتا ہوں، اگر عوام میرے ساتھ ہیں تو ہمیں کوئی نہیں روک سکتا، ہمیں مل کر بی بی کا وعدہ نبھانا ہے۔

مزیدخبریں