نیب نے احسن اقبال کو کل طلب کر لیا

نیب نے احسن اقبال کو کل طلب کر لیا
کیپشن: سابق وفاقی وزیر کو نیب پنڈی کے دفتر میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔۔۔۔۔۔فوٹو/ مسلم لیگ ن فیس بُک پیج

اسلام آباد: نیب نے سابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کو مبینہ کرپشن تحقیقات میں بیان ریکارڈ کرانے کے لیے کل طلب کر لیا۔قومی احتساب بیورو نے احسن اقبال کو نارووال سپورٹس سٹی منصوبے میں مبینہ کرپشن پر ہونے والی تحقیقات میں طلب کیا ہے۔ نوٹس میں سابق وفاقی وزیر کو نیب پنڈی کے دفتر میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔

نیب کے مطابق احسن اقبال پر الزام ہے کہ انہوں نے نارووال میں اپنے حلقے میں خلاف قانون 3 ارب روپے کا منصوبہ شروع کیا اور اربوں روپے کا سپورٹس سٹی تعمیر کر کے قومی خزانے کو نقصان پہنچایا جبکہ پاکستان سپورٹس بورڈ نے بھی نارووال سپورٹس سٹی کی تعمیر میں اختیارات سے تجاوز کیا۔