معروف سکرین رائٹر، شاعرہ، پروڈیوسر اسما نبیل انتقال کر گئیں  

Asma nabeel died, writer, director, producer
کیپشن: فائل فوٹو

کراچی: ڈرامہ انڈسٹری کا ایک اور نام جدا ہو گیا۔ معروف سکرین رائٹر، شاعرہ اور پروڈیوسر اسما نبیل انتقال کر گئی ہیں۔ اسما نبیل نے پاکستانی ڈراموں کے لیے سکرپٹ لکھے، جیسے ''خدا میرا بھی ہے'' اور خانی نے شہرت پائی۔

اسما نبیل ایک بہترین، نفیس، اور بہادر خاتون تھیں۔ بہترین ڈرامہ نویس اور عمدہ شاعرہ اسما نبیل کینسر جیسے موذی مرض سے جنگ لڑ رہی تھیں۔

کینسر کی تشخیص کے بعد اسما نبیل نے سکرین رائٹنگ میں قدم رکھا۔ انہیں کیموتھراپی کے کئی سیشنز سے گزرنا پڑا۔ اسما نبیل کی لکھی گئی سیریز ''خانی'' نے مقبولیت کے ریکارڈز توڑ دئیے تھے۔

2018ء میں انہوں نے احسن رضا فردوسی کے ساتھ فلم ''مان جا ناں'' لکھی۔ 2019ء میں اسما نبیل نے بچوں کے اغوا کے موضوع پر ڈراما ''دمسہ'' لکھا۔

ان کی ڈراما سیریز ''سرخ چاندنی'' میں تیزاب کے حملوں کا مسئلہ اجاگر کیا گیا۔ اسما کی ڈرامہ سیریل ''باندی'' میں گھریلو ملازمین کے ساتھ ناروا سلوک کا پہلو دکھایا گیا۔

اس کے علاوہ اسما نبیل نے فلم ہیلی کاپٹر کا ایک گیت لکھ کر بالی ووڈ میں قدم رکھا۔ آج 2 جولائی کو وہ کینسر کے مرض کے باعث خالق حقیقی سے جا ملیں، ان کی نماز جنازہ جامعہ مسجد کلفٹن میں ادا کی جائے گی۔