امریکا نے بیس سال بعد سب سے بڑی بگرام ائر بیس افغان حکام کے حوالے کردی

امریکا نے بیس سال بعد سب سے بڑی بگرام ائر بیس افغان حکام کے حوالے کردی
سورس: file photo

کابل :امریکا نے 20 سال بعد بگرام ائیربیس افغان حکام کے حوالے کر دی ۔

افغانستان سے غیر ملکی افواج کے انخلاءکے سلسلے میں بگرام ائربیس افغان نیشنل سکیورٹی ڈیفنس فورس کے حوالے کر دی  گئی ہے۔

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ  امریکی کمانڈر جنرل آسٹن ملر کے پاس اب بھی امریکی فورسز کے تحفظ کے اختیارات اور صلاحیت موجود ہے۔

 امریکی میڈیا کے مطابق بگرام ائیر بیس سے فوجی انخلا واضح اشارہ ہے کہ افغانستان میں موجود 2500 سے 3000 امریکی فوجی افغانستان چھوڑ چکے ہیں یا چھوڑنے کے قریب ہیں۔

خیال رہے کہ 2001 میں افغانستان پر حملے کے بعد امریکا نے القاعدہ اور طالبان کے خلاف کارروائیوں کے لیے بگرام ائیربیس کو اپنا مرکز بنایا تھا اور افغان جنگ کے عروج کے دور میں بگرام ائیر بیس میں تقریباً ایک لاکھ امریکی فوجی تعینات تھے۔

امریکی صدر جو بائیڈن 11 ستمبر تک افغانستان سے مکمل فوجی انخلا کی ڈیڈ لائن دے چکے ہیں جبکہ سابق افغان صدر حامد کرزئی امریکی فوج کے انخلا کو شکست قرار دے چکے ہیں۔