بجلی کا بحران شدت اختیار کر گیا، ملک بھر میں 8 سے 10 گھنٹے لوڈشیڈنگ جاری  

The power crisis has also intensified, with load shedding lasting 8 to 10 hours across the country
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: پاکستان میں گرمی بڑھتے ہی بجلی کا بحران بھی شدت اختیار کر گیا ہے۔ ملک بھر میں اس وقت 8 سے 10 گھنٹے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی جاری ہے۔ اسلام آباد کے پوش علاقوں میں بھی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ شروع کر دی گئی ہے۔

ذرائع پاور ڈویژن کے مطابق بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار میگاواٹ کی سطح پر برقرار ہے۔ بجلی کی مجموعی پیداوار 19 ہزار میگا واٹ جبکہ ملک بھر میں بجلی کی طلب 25 ہزار میگاواٹ ہے۔ 

پاور ڈویژن کے مطابق پن بجلی ذرائع سے 4 ہزار میگاواٹ، سرکاری تھرمل پاور پلانٹ سے 2 ہزار میگاواٹ اور نجی شعبے کے بجلی گھروں کی پیداوار 13 ہزار میگاواٹ ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ آئیسکو ریجن میں بجلی کا شارٹ فال 500 میگاواٹ ہے، اس ریجن کو 1700 میگاواٹ بجلی فراہم کی جارہی ہے جبکہ طلب 2200 میگاواٹ ہے۔

اسلام آباد کے شہری علاقوں میں ہر 4 گھنٹے کے بعد ایک گھنٹہ جبکہ راولپنڈی سمیت دیگر علاقوں میں ہر 2 گھنٹے بعد بجلی بند کی جا رہی ہے۔ مستشنیٰ قرار دیئے جانے والے علاقوں میں بھی لوڈشیڈنگ شروع کر دی گئی۔

اسلام آباد کے پوش سیکٹر ای اور ایف سیریز میں بھی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔ آئیسکو حکام کا کہنا ہے کہ کوشش کر رہے ہیں کہ ہسپتالوں کو بھی بلا تعطل بجلی کی فراہمی جاری رہے، تاہم ہسپتال انتظامیہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متبادل بندوبست بھی رکھیں۔