پی سی بی نے قومی کھلاڑیوں کیلئے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کردیا  

PCB announces central contract for national players
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی کھلاڑیوں کیلئے سینٹرل کنٹریکٹ برائے 22-2021ء کا اعلان کر دیا ہے۔

کنٹریکٹ میں تین مختلف کٹیگریز اور ایمرجنگ کرکٹرز کو شامل کیا گیا ہے۔ کنٹریکٹ میں شامل کھلاڑیوں کی ماہانہ آمدنی میں 25 فیصد اضافہ اور تمام کٹیگریز کیلئے یکساں میچ فیس مقرر کی ہے۔

پی سی بی کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق بابر اعظم ، حسن علی، محمد رضوان اور شاہین شاہ آفریدی کو کٹیگری اے میں شامل کیا گیا ہے۔

اظہر علی، فہیم اشرف، فخر زمان، فواد عالم، شاداب خان اور یاسر شاہ کٹیگری بی میں شامل ہیں۔

عابد علی، امام الحق، حارث رؤف، محمد حسنین، محمد نواز، نعمان علی اور سرفراز احمد کٹیگری سی میں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ عمران بٹ، شاہنواز دہانی اور عثمان قادر کو ایمرجنگ کٹیگری میں شامل کیا گیا ہے۔

کٹیگری اے کے ماہوار وظیفے میں 25 فیصد اضافہ کر دیا گیا ہے تاہم کسی بھی فارمیٹ کی میچ فیس میں اضافہ نہیں کیا گیا۔

کٹیگری بی میں شامل کھلاڑیوں کے لیے ٹیسٹ کی میچ فیس میں 15 فیصد، ون ڈے انٹرنیشنل کی میچ فیس میں 20 فیصد اور ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کی میچ فیس میں 25 فیصد اضافہ جبکہ کٹیگری سی کے ماہوار وظیفے میں 25 فیصد اضافہ کر دیا گیا ہے۔

اس کٹیگری میں شامل کھلاڑیوں کی ٹیسٹ میچ فیس میں 34 فیصد، ون ڈے انٹرنیشنل کی میچ فیس میں 50 فیصد اور ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کی میچ فیس میں 67 فیصد جبکہ ایمرجنگ کٹیگری کے ماہوار وظیفے میں 15 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔