پی پی 38 سیالکوٹ ضمنی الیکشن، اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے سیاسی سرگرمیاں بڑھا دیں

PP-38 Sialkot by-election, Opposition leader Hamza Shahbaz increased political activities
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور: پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز پی پی 38 سیالکوٹ ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی کے لیے سرگرم ہو گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق حمزہ شہباز نے ضمنی الیکشن میں مبینہ دھاندلی روکنے کی حکمت عملی تیار کر لی ہے۔ انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے وکلا ونگ کو لیگل کمیٹی بنانے کی ہدایت کر دی ہے۔

ذرائع کے مطابق حمزہ شہباز شریف نے ہدایت جاری کی ہے کہ لیگل کمیٹی ممکنہ دھاندلی اور دیگر معاملات پر لیگی امیدوار کی ماونت فراہم کرے۔ لیگی امیدوار طارق سبحانی کو حلقے میں متحرک نوجوان لیگی کارکنان پر مشتمل کمیٹی بنانے کی بھی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

حمزہ شہباز نے امیدوار طارق سبحانی کو ڈور ٹو ڈور اور روزانہ کی بنیاد پر کارنر میٹنگ کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

اس کے علاوہ اپوزیشن لیڈر نے ہدایت کی ہے کہ سیالکوٹ سے منتخب لیگی ارکان اسمبلی طارق سبحانی کی انتخابی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات پنجاب عمران علی گورائیہ کو حمزہ شہباز نے میڈیا اور سوشل میڈیا کمپین کے معاملات دیکھنے کی ہدایت کر دی ہے

پی پی 38 میں خواتین کو فعال کرنے کے لیے لیگی خواتین ایم پی ایز کو بھی ذمہ داریاں دے دی گئی ہیں۔ عظمی بخاری، رابعہ فاروقی، نوشین افتخار، سعدیہ تیمور اور کنول لیاقت سمیت دیگر کی ڈیوٹیاں لگائے جانے کا امکان ہے۔