اصل ملک جو ہمیں نقصان پہنچانا چاہتا ہے وہ انڈیا ہے لیکن اسے کامیابی نہیں ہو گی:شیخ رشید 

Sheikh Rasheed,Afghan Peace Process,US Forces

 اسلام آباد :وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ہماری پالیسی بدل گئی ہے، اپنے اڈے کسی کو نہیں دیں گے،عمران خان نے امریکہ سمیت عالمی طاقتوں پر واضح کر دیا کہ پاکستان اپنی سرزمین افغانستان کے استعمال کی ہر گز اجاز ت نہیں دیگا ۔

پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے بعد ایک ٹی وی انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ آج قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس بہت زبردست تھا،تمام معاملات پر بات ہوئی۔عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس آئی نے افغانستان، کشمیر اورعالمی امور پر بریفنگ دی۔سوالوں کے جوابات آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دئیے۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ کبھی کسی پاکستانی کو غیر ملک کے حوالے نہیں کیا گیا، انتہا پسندی پر عمران خان کی حکومت نے کوئی سپورٹ نہیں کی۔ عمران خان نے کہا ہے کہ ہم اپنی سرزمین کسی کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے۔ پاکستان کی  کوشش ہو گی کہ افغانستان میں حالات بہتر ہوں۔ہم خود کو دنیا سے الگ تھلگ نہیں کرسکتے ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ ہم طورخم اور چمن بارڈرکو الیکٹرانک کرنے جا رہے ہیں، اگر مہاجرین کا مسئلہ پیدا ہوا تو ہم اس کے لیے تیار ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ میں حال ہی میں بلوچستان اور کے پی کے بارڈرز پر گیا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ حالات اچھے ہیں تو تب ہی گیا تھا۔ افغان بارڈر 90 فیصد اور ایران بارڈر 50 فیصد تک سیل کر دیا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ تھوڑی بہت ٹْک ٹک لگی رہے گی تاہم پاکستان ان مسائل سے بہتر طریقے سے نکلے گا،افغانستان میں تمام اسٹیک ہولڈرز مل بیٹھ کر فیصلہ کریں تو ہمیں کیا اعتراض ہو سکتا ہے؟ بگ پاور افغانستان سے نکل گئی۔ اصل ملک جو ہمیں نقصان پہنچانا چاہتا ہے وہ انڈیا ہے لیکن اسے کامیابی نہیں ہو گی۔

ایف اے ٹی ایف کے متعلق انہوں نے کہا کہ ہم نے 27 میں سے 26 نکات پر عمل کیا۔ ایک شق کو بھی دور کردیں گے۔انہوں نے کہا ساری قوم سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح پاک فوج کے پیچھے کھڑی ہے۔ شیخ رشید نے واضح کیا کہ اجلاس میں کوئی سیاسی بات نہیں ہوئی اور سب نے کہا کہ وہ پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں۔