اماراتی شہریوں کے پاکستان سمیت 13 ممالک کے سفر پر پابندی

اماراتی شہریوں کے پاکستان سمیت 13 ممالک کے سفر پر پابندی
سورس: فائل فوٹو

ابوظہبی :  وزارت امور خارجہ و بین الاقوامی تعاون اور نیشنل ایمرجنسی اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے اعلان کیا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے شہریوں کو ان ممالک میں جانے کو ممنوع قرار دیدیا گیا ہے جن سے آنے والے لوگوں کی آمد کو حال ہی میں معطل کیا گیا تھا ۔

اماراتی شہریوں کو   ہندوستان ، پاکستان ، بنگلہ دیش ، نیپال ، سری لنکا ، ویتنام ، زیمبیا ، عوامی جمہوریہ کانگو ، یوگنڈا ، سیرا لیون ، لائبیریا ، جنوبی افریقہ اور نائیجریا جانے سے منع کیا گیا ہے۔  اس فیصلے سے جن افراد کو استثنی دیا گیا ہے ان میں امارات کے سفارتی مشنز کے افراد ، ہنگامی علاج کی ٹیمیں ، سرکاری وفود اور پہلے سے مجاز کردہ کاروباری و تکنیکی وفود شامل ہیں ۔

 اس حوالے سے جاری مشترکا بیان  سفری سیزن کے عروج کی مناسبت سے جاری ہوا ہے جوکہ دنیا کو اس وقت کووڈ 19 کی عالمی وباء کی وجہ سے درپیش غیر معمولی حالات کی وجہ سے کیا گیا ہے ۔ وزارت اور اتھارٹی نے اس بات پر زور دیا ہے کہ اماراتی شہری اس حوالے سے عمومی طور پر احتیاطی اقدامات کی پیروی کریں اور بالخصوص انسداد کووڈ 19 کے اقدامات جاری رکھیں جبکہ اپنی منزل والے ممالک سے متعلق تمام احتیاطی پروٹوکولز انجام دیں ۔

دونوں اداروں نے اس بات پر زور دیا ہے کہ اماراتی شہری سفر میں کووڈ 19 سے متاثر ہوں تو خود کو الگ تھلگ کرلیں اور ان تمام احتیاط ، ہدایات اور صحت پروٹوکولز کی پیروی کریں جو ان کے میزبان ملک میں لاگو ہیں ۔ وائرس سے متاثر ہونے کی صورت میں وہ اپنے میزبان ملک میں اماراتی سفارتخانہ کو بھی اطلاع دیں ۔

 بیان کے مطابق وائرس سے متاثرہ اماراتی شہری کو میزبان ملک کے متعلقہ حکام سے ضروری اجازت ملنے اور امارات کے مجاز محکمہ صحت کی اجازت ملنے کے بعد متحدہ عرب امارات آنے کی اجازت ہوگی جبکہ اسے روانگی کیلئے تمام احتیاطی اور حفاظتی اقدامات کو بروئے کار بھی لانا ہوگا ۔ وزارت خارجہ نے تمام شہریوں کو کہا ہے کہ وہ سفر سے پہلے خود کو تواجودی سروس میں لازمی رجسٹر کرائیں تاکہ انہیں سفر کے دوران تمام ضروری تعاون مل سکے۔