افغانستان کو ٹرانزٹ ٹریڈ کی سہولت فراہم کرنے والی گڈز ٹرین بحال

افغانستان کو ٹرانزٹ ٹریڈ کی سہولت فراہم کرنے والی گڈز ٹرین بحال

لاہور : پاکستان ریلویز نے پانچ برس کے بعد افغانستان کو ٹرانزٹ ٹریڈ کی سہولت فراہم کرنے والی گڈز ٹرین گیتا  (گڈز ان ٹرانزٹ فار افغانستان) بحال کر دی ہے،  افغانستان کے تاجروں کو پشاور کے راستے مال برداری کی سہولت فراہم کرنے والی یہ ٹرین وسائل کی کمی کی وجہ سے 2012میں بندکردی گئی تھی۔

چیئرپرسن ریلویز مسز پروین آغا نے کراچی سے اس ٹرین کا افتتاح کیا اور یہ ٹرین افغانستان کے تاجروں کو کراچی سے پشاور تک مال برداری کی سہولت فراہم کرے گی۔ ’’گیتا‘‘کی بحالی وزیر ریلویز خواجہ سعدرفیق کے اس وژن اور پروگرام کا حصہ ہے جس کے تحت پاکستان ریلویز کے فریٹ کے شعبے کو مضبوط بنایا جارہا ہے ۔

پاکستان ریلویز اس وقت2012کے مقابلے میں فریٹ سے سات سے آٹھ گنا زائد ریونیو حاصل کررہا ہے ، اسے ڈیڑھ ارب سے بڑھا کے ساڑھے دس ارب روپوں تک پہنچادیا گیاہے ۔ جبکہ مال برداری کے لیے پانچ برس پہلے صرف سات لوکوموٹیوز استعمال ہورہے تھے جن کی تعداد اس وقت نوے سے زائد ہے جبکہ اسی برس جنرل الیکٹرک کے تمام لوکوموٹیوز کی درآمد مکمل ہونے کے بعدسواسو سے بھی زائد ہوجائے گی۔

پاکستان ریلویز ساہیوال کول پاور پلانٹ تک کوئلے کی نقل وحمل کے لیے خدمات کی فراہمی سے ساڑھے تیرہ ارب روپے سالانہ کا مزید ریونیو بھی حاصل کرے گااور ملک میں لوڈشیڈنگ کے خاتمے میں اپناکردار بھی ادا کرے گا۔ پاکستان ریلویز نے فریٹ کے کام کو بڑھانے کے لیے جہاں پی ایس او کے ساتھ فیول ٹرانسپورٹیشن ایگریمنٹ کرلیا ہے جبکہ میپل لیف اور چراٹ سمیت دیگر تجارتی اداروں کے ساتھ کاروباری روابط کو فروغ دیاجارہا ہے۔

چیف ایگزیکٹو آفیسرپاکستان ریلویز محمدجاوید انور اور یڈیشنل جنرل منیجرعبدالحمیدرازی نے ٹرین کی بحالی کو خوش آئندقراردیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ریلویز ابتدا میں ہرہفتے ایک ٹرین چلائے گا تاہم بعدازاں ٹرینوں کی تعدادبھی بڑھائی جاسکتی ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ گیتا سے ابتداء میں ہرہفتے پاکستان ریلویز کو دو سے تین ملین کے درمیان آمدن ہوگی اور یہ تاجر برادری کو مال برداری کی سستی ، محفوظ اور بااعتماد سہولت فراہم کرے گی۔

مصنف کے بارے میں