پاکستان ریلوے کا عیدالفطر پر کرایوں میں 30 فیصد کمی کرنے کا اعلان

پاکستان ریلوے کا عیدالفطر پر کرایوں میں 30 فیصد کمی کرنے کا اعلان
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور: عید الفطر کے موقع پر پاکستان ریلویز نے مسافروں کی سہولت کے لئے خوشخبری سناتے ہوئے کرایوں میں 30 فیصد رعایت دینے کا اعلان کردیا ہے۔


ذرائع کے مطابق پاکستان ریلویز نے عیدالفطر پر کرایوں میں 30 فیصد کمی کا اعلان کیا ہے۔ پاکستان ریلویز کے سی ای او آفتاب اکبر کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں اے جی ایم ٹریفک عبدالحمید رازی اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس نے عید پیکج کی منظوری دے دی۔


ریلوے کے ترجمان کی جانب سے بیان جاری کیا گیا کہ پاکستان ریلوے اس وقت رمضان پیکج کے تحت ایڈوانس بکنگ پر تمام ٹرینوں کی تمام کلاسز پر کرایوں میں 20 فیصد رعایت دے رہا ہے، تاہم عید کے دونوں دن تمام ٹرینوں کی تمام کلاسز پر کرایوں میں 30 فیصد رعایت دی جائے گی۔

ترجمان نے مزید کہا کہ عیدالفطر پر پاکستان ریلویز مسافروں کی سہولت اور ہم وطنوں کو ان کے پیاروں سے ملانے کے لئے اضافی ٹرینیں بھی چلائے گا۔