سزا یافتہ افراد کو سول جیل حکام کے حوالے کر دیا، ترجمان پاک فوج

سزا یافتہ افراد کو سول جیل حکام کے حوالے کر دیا، ترجمان پاک فوج
کیپشن: تینوں افسران کو جرائم کی تصدیق کے فوری بعد حراست میں لے لیا گیا تھا، ترجمان پاک فوج۔۔۔۔۔۔۔فوٹو/ بشکریہ آئی ایس پی آر

راولپنڈی: پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ سزا پانے والے دو آرمی اور ایک سویلین افسر کو سول جیل حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ 30 مئی کو سزا پانے والے دو آرمی اور ایک سویلین افسر کو سول جیل حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تینوں افسران کو جرائم کی تصدیق کے فوری بعد حراست میں لے لیا گیا تھا اور تینوں افسران ٹرائل کے دوران فوج کی حراست میں رہے۔

خیال رہے کہ 30 مئی کو پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فوج کے دو اعلیٰ افسران اور حساس ادارے کے ایک سویلین افسر کی سزاؤں کی توثیق کی تھی۔

آرمی افسران اور سویلین افسران کو جاسوسی کے الزام میں سزا دی گئی تھی اور مجرمان نے حساس معلومات دوسرے ملکوں کو لیک کی تھیں۔

سزا پانے والوں میں لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ جاوید اقبال کو 14 سال قید بامشقت کی سزا دی گئی۔ بریگیڈئیر ریٹائرڈ راجہ رضوان کو سزائے موت دی گئی جب کہ حساس ادارے کے سویلین افسر ڈاکٹر وسیم اکرم کو بھی سزائے موت دی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق تینوں افسران کا پاکستان آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت ٹرائل کیا گیا۔