ورلڈ کپ 2019، آج جنوبی افریقا اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی

ورلڈ کپ 2019، آج جنوبی افریقا اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی
کیپشن: ایونٹ کے افتتاحی میچ میں شکست کے بعد بنگلادیش کے خلاف اپنا دوسرا میچ کھیلے گی۔۔۔۔۔فوٹو/ کرک انفو

لندن: کرکٹ ورلڈ کپ 2019 میں آج ایک ہی میچ کھیلا جائے گا جس میں بنگلادیش اور جنوبی افریقا کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔جنوبی افریقا انگلینڈ کے ہاتھوں ایونٹ کے افتتاحی میچ میں شکست کے بعد بنگلادیش کے خلاف اپنا دوسرا میچ کھیلے گی اور بنگلا دیش کا آج یہ پہلا میچ ہو گا۔

ورلڈ کپ کے پانچویں میچ میں دونوں ٹیمیں لندن میں پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈھائی بجے آمنے سامنے ہوں گی۔ ایونٹ کے اپنے افتتاحی میچ سے قبل بنگلا دیشی ٹیم کے کھلاڑیوں کو انجری کا سامنا ہے۔

اوپننگ بلے باز تمیم اقبال کی کلائی کی انجری کے باعث آج کے میچ میں شرکت مشکوک ہے جبکہ مشرفی مرتضی ایمسٹرنگ، مستفض الرحمان پٹھوں کی انجری اور سیف الدین کمر کی انجری کا شکار ہے جب کہ شکیب الحسن نے حال ہی میں کمر کی انجری سے نجات پائی ہے۔

جنوبی افریقی ٹیم میں ہاشم آملہ کی آج کے میچ میں شرکت مشکوک ہے اور انگلینڈ کے خلاف سر پر باؤنسر لگنے سے وہ زخمی ہو گئے تھے اور انہوں نے ٹریننگ سیشن میں بھی حصہ نہیں لیا۔ اس لیے ان کی جگہ ٹیم میں ایڈن مارکرام کو شامل کیا جا سکتا ہے۔