ساہیوال: چلڈرن وارڈ میں اے سی خراب ہونے سے 8 بچے جاں بحق

ساہیوال: چلڈرن وارڈ میں اے سی خراب ہونے سے 8 بچے جاں بحق
ڈی سی ساہیوال نے واقعہ کی تفصیلات سے متعلق صوبائی حکومت کو بذریعہ خط آگاہ کر دیا۔۔۔۔۔۔۔فوٹو/ سوشل میڈیا

ساہیوال: ساہیوال کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال کے چلڈرن وارڈ میں ایئرکنڈیشنڈ کی خرابی کے باعث بچوں کی ہلاکتوں کی تعداد 8 ہو گئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی۔


ڈپٹی کمشنر ساہیوال میاں زمان وٹو کے مطابق شدید گرمی میں اے سی خراب ہونے سے ڈی ایچ کیو اسپتال کے چلڈرن وارڈ میں درجہ حرارت میں اضافہ ہوا جس سے 8 بچے انتقال کر گئے۔

ڈی سی ساہیوال کا کہنا ہے کہ بچوں کی ہلاکت پر شہریوں میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا تھا۔ فوری طور پر ایم ایس آفس سے اے سی اتروا کر بچوں کے وارڈ میں لگوا دیا گیا ہے۔

ڈی سی ساہیوال نے واقعہ کی تفصیلات سے متعلق صوبائی حکومت کو بذریعہ خط آگاہ کر دیا جس پر انکوائری شروع کر دی گئی ہے۔

ترجمان صوبائی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ بچوں کی ہلاکت کے واقعہ کی تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی ہے جسے مکمل تحقیقات کر کے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ترجمان وزارت صحت کا کہنا ہے کہ خصوصی کمیٹی کی تحقیقاتی رپورٹ کے بعد حقائق سامنے آئیں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے سیکریٹری صحت اور کمشنر ساہیوال ڈویژن سے واقعے کی تحقیقات کر کے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ واقعہ کی جامع تحقیقات کی جائے اور غفلت کے مرتکب افراد کا تعین کر کے کارروائی عمل میں لائی جائے۔