سندھ میں لاک ڈاؤن میں 30 جون تک توسیع، کاروبار شام 7 بجے تک کھولنے کی اجازت

سندھ میں لاک ڈاؤن میں 30 جون تک توسیع، کاروبار شام 7 بجے تک کھولنے کی اجازت
کیپشن: کاروباری سرگرمیاں پیر سے جمعہ تک صبح 6 سے شام 5 بجے کے بجائے شام 7 بجے تک جاری رہیں گی۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

کراچی: حکومت سندھ نے لاک ڈاؤن کی مدت میں 30 جون تک توسیع کردی جبکہ کاروباری اوقات میں 2 گھنٹے کا اضافہ کردیا گیا۔محکمہ داخلہ سے جاری نئے حکم نامے کے مطابق قومی رابطہ کمیٹی کے آج ہونے والے اجلاس میں سپریم کورٹ کے احکامات کے تحت لاک ڈاؤن کے حوالے سے قومی سطح کی پالیسی سے متعلق تبادلہ خیال ہوا اور تجاویز پیش کی گئیں۔

حکم نامے میں کہا گیا کہ اجلاس میں کورونا کی وبا کو مزید پھیلنے سے روکتے ہوئے معیاری طریقہ کار کے تحت معاشی سرگرمیوں کے آغاز سے متعلق مختلف فیصلے کیے گئے۔

سندھ حکومت نے قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی روشنی میں ہدایات جاری کی ہیں کہ صوبے میں تعلیمی و تربیتی ادارے، شادی ہالز، ریسٹورنٹس و کیفے، اسپورٹس کلبس، کھیلوں کی تمام سرگرمیوں، تفریحی پارکس، سنیما و تھیٹرز، بیوٹی پارلرز، سیاحتی مقامات، جلسے جلوس اور دیگر عوامی اجتماعات پر پابندی بدستور برقرار رہے گی۔

حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ پبلک ٹرانسپورٹ، ٹرانسپورٹرز کی وزیر ٹرانسپورٹ کے ساتھ ملاقات کے بعد کھولی جائے گی جبکہ ملاقات میں ایس او پیز کو حتمی شکل دی جائے گی۔

صوبے میں کاروباری سرگرمیوں کے لیے نئے اوقات کار بھی جاری کیے گئے ہیں جس کے تحت اب صوبے میں کاروباری سرگرمیاں پیر سے جمعہ تک صبح 6 سے شام 5 بجے کے بجائے شام 7 بجے تک جاری رہیں گی، تاہم میڈیکل اسٹورز اور دیگر ضروری سروسز کو ان اوقات سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔

حکم نامے میں عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ گھروں سے غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں، عوامی مقامات پر ماسک کا لازمی استعمال کریں اور ہر وقت دوسرے شخص سے 3 فٹ کا فاصلہ قائم رکھیں۔

خیال رہے کہ صوبے میں کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر سندھ حکومت نے 23 مارچ کی رات 12 بجے سے ابتدائی طور پر 15 روز کے لاک ڈاؤن کا اعلان کیا تھا۔

ابتدائی طور پر صبح 8 بجے سے رات 8 بجے تک صرف اشیائے ضروریہ کی دکانیں کھولنے اور کاروبار کی اجازت دی گئی تھی لیکن بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر صرف شام 5 بجے تک کاروبار کھولنے کا اعلامیہ جاری کیا گیا تھا۔بعد ازاں لاک ڈاؤن میں بھی 14 اپریل تک توسیع کردی گئی تھی۔

حکومت نے 15 اپریل کو ایک مرتبہ پھر لاک ڈاؤن میں توسیع کا فیصلہ کیا تھا لیکن تاجروں کی جانب سے بڑھتے ہوئے دباؤ کے پیش نظر کچھ کاروبار کھولنے کی اجازت دی گئی تھی تاکہ تاجروں کی مشکلات کا کسی حد تک ازالہ کیا جا سکے۔

بعد ازاں ملک بھر میں وائرس کے پھیلاؤ اور کیسز کی بڑھتی ہوئی شرح کو دیکھتے ہوئے وفاقی حکومت نے لاک ڈاؤن میں 9مئی تک توسیع کردی تھی