پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا مثبت آغاز

پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا مثبت آغاز

کراچی: پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں آج کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا۔

اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے دوسرے روز منگل کا کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا۔ کے ایس ای 100 انڈیکس میں کاروبار کا آغاز 34 ہزار 21 پوائنٹس پر ہوا اور ابتدائی ایک گھنٹے کے دوران انڈیکس میں 303 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور انڈیکس 34 ہزار 325 پوائنٹس کی سطح پر ٹریڈ کر رہا تھا۔

کے ایس ای 100 انڈیکس میں کاروبار کے ابتدائی ایک گھنٹے کے دوران 27,367,091 شیئرز کی لین دین ہوئی جس کی مالیت پاکستانی روپوں میں 1,483,816,683 بنتی ہے۔

گزشتہ روز پیر کو کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا اور 100 انڈیکس 90 پوائنٹس اضافے سے 34 ہزارکی سطح پر بحال ہوا۔گزشتہ ہفتے کاروبار کے اختتامی روز بھی اسٹاک مارکیٹ میں ملا جُلا رجحان رہا تاہم کاروبار کا اختتام منفی زون میں ہوا جبکہ اس سے قبل جمعرات کو بھی 141 پوائنٹس کی کمی پر ہوا تھا۔واضح رہے کہ کورونا وائرس کے باعث اکثر ممالک کی اسٹاک مارکیٹ میں مندی چھائی ہوئی ہے اور کاروباری حضرات نئی سرمایہ کاری سے احتیاط کر رہے ہیں۔کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے تمام ممالک کی حکومتیں اقدامات کر رہی ہیں، دنیا بھر میں صحت کے شعبے میں بہتری کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔اے ڈی بی کی کورونا وائرس کے باعث معاشی نقصان سے متعلق جاری رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ وائرس سے دنیا بھر میں سیاحت، سرمایہ کاری کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

ایشیائی ترقی بینک کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ وائرس کے باعث تجارت اور صنعتوں کی پیداوار میں کمی ہوئی اور سفری پابندیوں، لاک ڈاؤن، سرحدوں کی بندش سے معاشی نقصان ہوا ہے۔