احتساب کو جتنا نقصان عمران خان نے پہنچایا کسی اور نے نہیں پہنچایا: مفتاح اسماعیل

احتساب کو جتنا نقصان عمران خان نے پہنچایا کسی اور نے نہیں پہنچایا: مفتاح اسماعیل
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

کراچی: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماءمفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ احتساب کو جتنا نقصان عمران خان نے پہنچایا کسی نے نہیں پہنچایا، شوکت ترین نے صحیح کہا کہ عمران خان کی وجہ سے معیشت کا بیڑا غرق ہوا، زلفی بخاری کی آمدن بڑھی ہے کیونکہ وہ اپنا پرائیویٹ جہاز لے کر دبئی گئے۔
تفصیلات کے مطابق مفتاح اسماعیل نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ دو سال سے افراط زر 10 فیصد سے نیچے نہیں گیا جبکہ عمران خان اور کابینہ کے ارکان کی آمدن میں اضافہ ہوا، تین سالوں میں نجی شعبوں میں کام کرنے والوں کی آمدن میں اضافہ نہیں ہوا، نیب کو وقت ملے تو معلوم کرلے کہ کس کی جیبوں میں پیسہ گیا ہے۔ 
مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ رواں سال اوسطاً 21 فیصد بجلی مہنگی ہوئی ہے، پاکستان میں مہنگائی تیل، بجلی، گیس کی قیمت میں اضافے سے آئی ہے، اشیاءخور و نوش میں مہنگائی میں اضافہ ہر مہینے 10 فیصد سے اوپر رہا، عمران خان نے پاکستان کو 13 ہزار ارب روپے کا مقروض کردیا ہے، مسلم لیگ (ن) نے پورے پاکستان میں موٹروے بچھائی اور سی پیک لے آئے۔ 
انہوں نے کہا کہ راولپنڈی میں رنگ روڈ بھی انہوں نے نہیں بنایا بلکہ صرف زمین خریدی ہے، سی پیک کا عمران خان کے دور میں کون سا منصوبہ شروع ہوا ہے؟ 85 لاکھ پاکستانی اس وقت بے روزگار ہوچکے ہیں جبکہ ساڑھے سات کروڑ افراد کی تنخواہ 18 ہزار روپے سے کم ہے۔
مفتاح اسماعیل نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے اپنے دور حکومت میں دو کروڑ لوگوں کو مفلسی سے نکال دیا تھا لیکن عمران خان دو کروڑ لوگوں کو غربت کے نیچے لے آئے ہیں، چند لنگر خانوں سے پاکستانیوں کا گزارا نہیں ہوگا۔