خیبرپختونخواہ اسمبلی میں جمعہ کی ہفتہ وار چھٹی بحال کرنے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور

خیبرپختونخواہ اسمبلی میں جمعہ کی ہفتہ وار چھٹی بحال کرنے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

پشاور: خیبر پختونخوا اسمبلی میں اتوار کی ہفتہ وار چھٹی ختم کر کے جمعہ کی چھٹی بحال کرنے کی قرارداد متفقہ طور پرمنظور کرلی گئی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی کی حمیرا خاتون اور حاجی سراج الدین نے خیبرپختونخواہ اسمبلی میں ہفتہ وار چھٹی جمعہ کو کرنے سے متعلق قرارداد پیش کی جس میں کہا گیا کہ ملک بھر میں اتوار کے بجائے جمعے کے دن ہفتہ وار سرکاری تعطیل کو بحال کیا جائے۔
قرار داد کے متن میں کہا گیا ہے کہ اسلامی تعلیمات کی رو سے جمعتہ المبارک کی بڑی اہمیت ہے ،اسے دوسرے ایام کا سردار کہا گیا ہے جبکہ ماضی میں جمعے کے دن سرکاری تعطیل تھی اور اتوار کے دن سرکاری تعطیل سے عملاً دو دن چھٹی ہوتی ہے۔

جماعت اسلامی کے ارکان اسمبلی کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد میں کہا گیا کہ اس وقت بازاروں، مارکیٹوں اور نجی اداروں میں عملاً دو دن تعطیل ہوتی ہے جبکہ سرکاری دفاتر میں جمعے کے دن دوپہر 12 بجے کے بعد عملاً چھٹی ہوتی ہے۔
قرارداد میں مزید کہا گیا کہ دو چھٹیوں سے کاروبار، معیشت اور سرکاری امور بھی سست روی کا شکار ہیں جبکہ قراردار میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ وفاقی حکومت ملک بھر میں جمعے کی چھٹی فی الفور بحال کرے۔