’ملکی معیشت اگر تباہ ہوئی تو آپ کی کمپنی کا منافع کیسے بڑھ گیا؟‘ مفتاح اسماعیل صحافی کے سوال پر سٹپٹا کر رہ گئے

’ملکی معیشت اگر تباہ ہوئی تو آپ کی کمپنی کا منافع کیسے بڑھ گیا؟‘ مفتاح اسماعیل صحافی کے سوال پر سٹپٹا کر رہ گئے
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

کراچی: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماءمفتاح اسماعیل ملکی معیشت پر تنقید کے دوران اپنی کمپنی سے متعلق صحافی کے سوال پر سٹپٹا کر رہ گئے اور کہا کہ میری کمپنی کے منافع اور ملکی معیشت کا کیا تعلق ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق مفتاح اسماعیل صحافیوں کیساتھ گفتگو کے دوران حکومت کی کارکردگی اور ملکی معیشت کی تباہی سے متعلق گفتگو کر رہے تھے کہ اس دوران ایک صحافی نے سوال کیا کہ ملکی معیشت تباہ ہو گئی تو پھر آپ کی کمپنی نے رواں سال دوگنا منافع کیسے کما لیا؟ 
صحافی نے اپنے سوال کی مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے دور میں آپ کی کمپنی سالانہ تقریباً 35 کروڑ روپے منافع دکھا رہی تھی لیکن پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے دور حکومت میں آپ کی کمپنی کا منافع دوگنا ہو گیا ہے تو پھر معیشت کیسے تباہ ہوئی؟ 
مفتاح اسماعیل صحافی کے اس سوال پر سٹپٹا کر رہ گئے جن سے کوئی جواب نہ بن پڑا تو کہا کہ میری کمپنی کے منافع کا ملکی معیشت کیساتھ کیا تعلق ہے جبکہ ان کیساتھ موجود مریم اورنگزیب بھی فوری طور پر ان کے دفاع میں بول پڑیں اور لقمہ دیا کہ ’یہ کیسا سوال ہے؟ 
قبل ازیں مفتاح اسماعیل نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ احتساب کو جتنا نقصان عمران خان نے پہنچایا کسی نے نہیں پہنچایا، شوکت ترین نے صحیح کہا کہ عمران خان کی وجہ سے معیشت کا بیڑا غرق ہوا، زلفی بخاری کی آمدن بڑھی ہے کیونکہ وہ اپنا پرائیویٹ جہاز لے کر دبئی گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ دو سال سے افراط زر 10 فیصد سے نیچے نہیں گیا جبکہ عمران خان اور کابینہ کے ارکان کی آمدن میں اضافہ ہوا، تین سالوں میں نجی شعبوں میں کام کرنے والوں کی آمدن میں اضافہ نہیں ہوا، نیب کو وقت ملے تو معلوم کرلے کہ کس کی جیبوں میں پیسہ گیا ہے۔ 
مفتاح اسماعیل نے کہا کہ رواں سال اوسطاً 21 فیصد بجلی مہنگی ہوئی ہے، پاکستان میں مہنگائی تیل، بجلی، گیس کی قیمت میں اضافے سے آئی ہے، اشیاءخور و نوش میں مہنگائی میں اضافہ ہر مہینے 10 فیصد سے اوپر رہا، عمران خان نے پاکستان کو 13 ہزار ارب روپے کا مقروض کردیا ہے، مسلم لیگ (ن) نے پورے پاکستان میں موٹروے بچھائی اور سی پیک لے آئے۔