این سی او سی کا ملک بھر میں ماس ویکسینیشن مہم شروع کرنے کا فیصلہ

این سی او سی کا ملک بھر میں ماس ویکسینیشن مہم شروع کرنے کا فیصلہ
کیپشن: این سی او سی کا ملک بھر میں ماس ویکسینیشن مہم شروع کرنے کا فیصلہ
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشنل سینٹر (این سی او سی) نے پورے ملک میں ماس ویکسی نیشن مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ماس ویکسی نیشن مہم کے تحت مختلف پبلک اور پرائیوٹ سیکٹر کے ساتھ بھرپور اشتراک کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق این سی او سی کی جانب سے کیے جانے والے فیصلے کے تحت ماس ویکسین نیشن مہم تین حصوں پر مشتمل ہو گی۔

اس ضمن میں ذرائع نے بتایا ہے کہ پاک ویک کی پیداوار میں اضافہ بھی ماس ویکسی نیشن مہم کا حصہ ہوگا۔ این سی او سی کی جانب سے 7 کروڑ شہریوں کو سال رواں کے اختتام تک ویکسین لگانے کا ٹارگٹ طے کیا گیا ہے۔

ویکسی نیشن کی صلاحیت بڑھانے کے لیے تمام فیڈریشن یونٹس کے ساتھ مشاورت مکمل کرلی گئی ہے۔ ماس ویکسی نیشن مہم میں میڈیا، مذہبی رہنماؤں اور نجی سیکٹر کو بھی شراکت دار بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ ملک میں کورونا سے مزید 80 افراد انتقال کر گئے جب کہ کورونا کیسز میں بتدریج کمی واقع ہو رہی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مسلسل دوسرے روز 2 ہزار سے کم کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 47183 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 1843 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے 80 ہلاکتیں ہوئیں۔ سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 3.90 فیصد رہی۔

ملک میں کورونا سے اب تک مجموعی طور پر 20930 افراد انتقال کر چکے ہیں اور کل کیسز کی تعداد 9 لاکھ 24 ہزار 667 ہوچکی ہے جب کہ اب تک وائرس سے 8 لاکھ 48 ہزار 685 افراد صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔