وزیراعظم کے معاون خصوصی حنیف عباسی عہدے سے مستعفی

وزیراعظم کے معاون خصوصی حنیف عباسی عہدے سے مستعفی

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی حنیف عباسی نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیدیا۔

تفصیلات کے مطابق لیگی رہنما حنیف عباسی نے اپنا استعفیٰ وزیراعظم کو بھجوا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی عہدے کے بغیر بھی عوام کی خدمت کر سکتا ہوں۔

واضح رہے کہ 17 مئی کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے حنیف عباسی کی تقرری پر اعتراضات اٹھاتے ہوئے انہیں  کام سے روک دیا تھا، عدالت نے وزیر اعظم شہباز شریف کو ہدایت کی تھی کہ وہ عباسی کی تقرری پر نظر ثانی کریں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے  کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں کوئی بھی اس وقت تک پبلک آفس ہولڈر نہیں ہو سکتا جب تک کہ اس کی سزا برقرار ہے، انہوں نے مزید کہا کہ اگر کوئی پبلک آفس کا عہدہ رکھنا چاہتا ہے تو پہلے عدالت سے سزا کو ختم ہونی چاہیے۔

خیال رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے یہ ہدایات سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی درخواست کی سماعت کے دوران جاری کی تھیں جس میں حنیف عباسی کی تقرری کو چیلنج کیا گیا تھا، درخواست میں مؤقف اپنایا گیا  کہ  سزا یافتہ شخص اس عہدے پر فائز ہونے کے لیے موزوں نہیں ہے۔

شیخ رشید نے حنیف عباسی کی تقرری کو چیلنج کرتے ہوئے 6 مئی کو اپنے وکیل بیرسٹر سجیل شہریار کے ذریعے درخواست دائر کی تھی۔

مصنف کے بارے میں