ملک میں سیاسی خلفشار سے خانہ جنگی جیسے حالات پیدا ہوں گے: شیخ رشید

ملک میں سیاسی خلفشار سے خانہ جنگی جیسے حالات پیدا ہوں گے: شیخ رشید

راولپنڈی: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ پاکستان کوعالمی سازش کے تحت خانہ جنگی میں جھونکا جارہا ہے۔ سیاسی خلفشار سے ملک میں خانہ جنگی جیسے حالات پیدا ہوں گے۔ 
تفصیلات کے مطابق شیخ رشید نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ نوازشریف اورشہبازشریف عوام کو مہنگائی کی چکی میں ڈال رہے ہیں جس سے بیروزگاری میں اضافہ ہو گا اور پھر چوری اور ڈاکے عام ہوں گے۔ 
ملک میں مہنگائی بڑھنے سے چوری اور ڈاکے عام ہوں گے اور خودکشیوں میں اضافہ ہونے کیساتھ ساتھ ملک میں امن و امان کا مسئلہ ہو گا اور سیاسی خلفشار سے خانہ جنگی جیسے حالات پیدا ہوں گے۔ ملک کو انتشار،خلفشار اورمعاشی بحران میں ڈالنے والی قوتوں کو سپریم کورٹ ہی بے نقاب کر سکتی ہے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ اجرتی قاتل رانا ثنا اللہ ملک میں صوبوں اورمرکز کو لڑانا چاہتا ہے اور وزرا اعلیٰ کو دارالحکومت اسلام آباد میں داخل ہونے سے روکا جارہا ہے۔ 
انہوں نے کہا کہ عمران خان روس سے 30 فیصد سستی گیس، گندم اورپٹرول لے رہے تھے جیسے کہ آج 30 فیصد رعایت پربھارت لے رہا ہے مگر سامراجی طاقتوں نے عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کر کے اس منصوبے کو ناکام بنا دیا اوراپنے ایجنٹوں کواقتدارمیں لے آئے۔ 
ان کا مزید کہنا تھا کہ آصف زرداری ایک انٹرویو میں تسلیم کرچکے ہیں کہ امریکی صدر جوبائیڈن ان کا دوست ہے اورمراسلے کے بارے میں اس نے مجھے کچھ نہیں بتایا۔ اسرائیل کو تسلیم کرنے کے پیچھے کون ہے اورکیا مقاصد ہیں؟ کشمیریوں کے خون سے غداری کرکے بھارت سے تجارت کس کے کہنے پرشروع کی جارہی ہے۔

مصنف کے بارے میں