ملک بھر میں بجلی کا شارٹ فال 7 ہزارسے تجاوز کر گیا، 16 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ جاری

ملک بھر میں بجلی کا شارٹ فال 7 ہزارسے تجاوز کر گیا، 16 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ جاری

اسلام آباد: گرمی کے ستائے عوام کیلئے لوڈشیڈنگ بھی ’عذاب‘ کی صورت اختیار کر گئی ہے اور ملک میں بجلی کا شارٹ فال 7 ہزار 365 میگاواٹ ہونے سے 16 گھنٹوں تک کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق ملک میں بجلی کی مجموعی پیداوار 19 ہزار 135 میگاواٹ اور طلب 26 ہزار 5 سو میگاواٹ ہے جبکہ بجلی کا شارٹ فال 7 ہزار 365 میگاواٹ ہو گیا جس کے باعث مختلف علاقوں میں بدترین لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ 
ذرائع پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ اس وقت پانی سے 4 ہزار 622 میگاواٹ، سرکاری تھرمل پلانٹس 1 ہزار 134میگاواٹ، نجی شعبے کے بجلی گھروں سے 9 ہزار 377 میگاواٹ، ونڈ پاور پلانٹس سے 1 ہزار 415 میگاواٹ، سولرپلانٹس سے 113 میگاواٹ، بگاس سے چلنے والے پلانٹس سے 190 میگاواٹ اور جوہری ایندھن سے 2ہزار 284 میگاواٹ بجلی پیدا کی جارہی ہے۔
ذرائع پاور ڈویژن نے اعتراف کیا کہ بجلی کا شارٹ فال 7 ہزار 365 میگاواٹ تک پہنچنے کے باعث ملک کے مختلف علاقوں میں 16 گھنٹے تک کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد ریجن میں بھی 8 سے 10 گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے جبکہ لائن لاسز والے والے علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ اس سے بھی زیادہ ہے۔ 
دوسری جانب لاہور میں گرمی کی شدت میں اضافے کے بعد بجلی کی طلب میں ریکارڈ اضافہ ہونے سے لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کا شارٹ فال 1000 میگا واٹ ہوگیا ہے۔ لیسکو کے مطابق بجلی کی طلب 5200 میگاواٹ سے تجاوز کر گئی ہے لیکن اسے نیشنل گرڈ سے 4200 میگاواٹ بجلی مل رہی ہے جس کے باعث ریجن میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 3 سے بڑھا کر 4 گھنٹے کردیا گیا ہے۔

مصنف کے بارے میں