پاک فوج کے افسران مستقبل کے چیلنجز کو سامنے رکھ کر خود کو تیار کریں:آرمی چیف 

 پاک فوج کے افسران مستقبل کے چیلنجز کو سامنے رکھ کر خود کو تیار کریں:آرمی چیف 

راولپنڈی:آرمی چیف جنرل قمر جاویدباجوہ  نے کہا ہے کہ پاک فوج کے افسران مستقبل کے چیلنجز کو سامنے رکھ کر خود کو تیار کریں،جنگی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ مہارتوں پر توجہ مرکوز رکھیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے کوئٹہ کا دورہ، کیا ہے، کور ہیڈ کوارٹرز پہنچنے پر آرمی چیف کا استقبال کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی نے کیا۔

آرمی چیف کو صوبے میں  سیکورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی، آرمی چیف نے فارمیشن کی تیاریوں اور کارکردگی کی تعریف کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے چند روز قبل بلوچستان میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے دوران سیکیورٹی کی بہتر صورتحال اور جاری اقتصادی سرگرمیوں کو بھی سراہا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دورے کے دوران آرمی چیف نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کا بھی دورہ کیا ہے، کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج میں افسران سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کورس کے شرکا کو تلقین کی کہ وہ مستقبل کے چیلنجز کو سامنے رکھ کر خود کو تیار کریں۔

انہوں نے کہا کہ جوان موجودہ جنگی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ مہارتوں پر توجہ مرکوز رکھیں۔ آرمی چیف نے کالج کے اساتذہ کی پیشہ ورانہ مہارتوں کی بھی تعریف کی۔