گپٹل نے ون ڈے میں 180 رنز بنا کر ڈیوڈ وارنر کا ریکارڈ توڑ دیا

گپٹل نے ون ڈے میں 180 رنز بنا کر ڈیوڈ وارنر کا ریکارڈ توڑ دیا

ہیملٹن: نیوزی لینڈ کے اسپنرز نے ون ڈے کرکٹ کی تاریخ بدل دی۔ پہلی بار دو سلو بولرز نے بولنگ کی شروعات کر ڈالی۔ کیویز کی جانب سے ون ڈے میں تینوں ٹاپ اسکورز مارٹن گپٹل کے نام ہو گئے۔ جنوبی افریقہ کے خلاف چوتھے ون ڈے میں نیوزی لینڈ نے بولنگ کا آغاز دو اسپنرز جیتن پٹیل اور مچل سینٹنر سے کیا۔ یہ پہلا موقع ہے جب کسی ون ڈے کی ابتدائی اننگز میں اسپن جوڑی نے نئی گیند سنبھالی ہو۔ اس سے قبل 8 مواقعوں پر اسپنرز کی جانب سے بولنگ اوپننگ دوسری اننگز میں ہوئی۔

واضح رہے کہ یہ تاریخ کا 3 ہزار 843 واں ون ڈے میچ تھا۔ اس میں اوپنر مارٹن گپٹل نے ناٹ آؤٹ 180 رنز بنائے جو کہ ہدف کے تعاقب میں چوتھا بڑا انفرادی اسکور ہے۔ اس معاملے میں شین واٹسن سب سے آگے ہیں۔ انھوں نے بنگلا دیش کے خلاف 2011 میں ناٹ آؤٹ 185 رنز بنائے تھے۔ ان کے بعد مہندرا سنگھ دھونی نے سری لنکا کے خلاف 2005 میں ناقابل شکست 183 بنائے۔اتنے ہی رنز ویرات کوہلی نے 2012 میں پاکستان کے خلاف میچ میں بنائے تھے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ہدف کے تعاقب میں بڑا انفرادی اسکور 141 رنز تھے جو کہ اسکاٹ اسٹائرس نے 2003 کے ورلڈ کپ میں سری لنکا کے خلاف اسکور کیے تھے۔

گپٹل نے جنوبی افریقہ کے خلاف ہدف کے تعاقب میں سب سے بڑی 173 رنز کی اننگز کا ڈیوڈ وارنر کا ریکارڈب ھی توڑ دیا۔ گپٹل نے تیسری مرتبہ ایک روزہ انٹرنیشنل کرکٹ میں 180 یا اس سے زائد رنز اسکور کرنے کا کارنامہ انجام دیا ہے جو کہ کسی بھی بیسٹمین سے زیادہ تعداد ہے۔ ویو رچرڈز، سچن ٹنڈولکر اور روہت شرما ایسا دو، دو مرتبہ کر چکے۔

گپٹل کو اب نیوزی لینڈ کی جانب سے تینوں بڑی انفرادی اننگز اسکور کرنے کا اعزاز حاصل ہو چکا۔ انھوں نے اس سے قبل 237 ناٹ آؤٹ اور 180 رنز ناٹ آؤٹ اسکور کیے۔ کسی بھی دوسری فل ممبر ٹیم کے ٹاپ 3 اسکورز کسی ایک پلیئر کے نام نہیں ہیں۔

اس اننگز میں گپٹل نے 11 چھکے لگائے جو کہ کسی بھی کیوی پلیئر کی جانب سے سکسرز کی دوسری بڑی تعداد ہے۔ ان سے قبل ویسٹ انڈیز کے خلاف 2014 میں کورے اینڈرسن نے 14 چھکے جڑے تھے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں