سینیٹ انتخابات، فضل الرحمان نے وزیراعظم کو حمایت کی یقین دہانی کروا دی

سینیٹ انتخابات، فضل الرحمان نے وزیراعظم کو حمایت کی یقین دہانی کروا دی

اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام کے امیر مولانا فضل الرحمان نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں پی ایم چیمبر میں ملاقات کی ۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

مولانا فضل الرحمان نے وزیراعظم کو پنجاب میں نہال ہاشمی کی خالی نشست پر ڈاکٹر اسد اشرف کی کامیابی پر مبارکباد دی جبکہ کل ہونے والے سینیٹ انتخابات کے لئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔

ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ملک میں جمہوری تسلسل رہنا چاہیے اور جمہوریت کو درپیش کسی بھی خطرے کی صورت میں تمام سیاسی جماعتوں کو ایک ساتھ اپنا مثبت کردار ادا کرنا چاہیے۔

مزید پڑھیں: اسحاق ڈار کو سینیٹ الیکشن لڑنے کی اجازت مل گئی

ادھر الیکشن کمیشن کی جانب سے کل ہونے والے سینیٹ انتخابات کے لئے انتظامات مکمل ہو گئے ہیں ۔ پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے سینیٹرز کے انتخاب کے لیے پولنگ چاروں متعقلہ صوبائی اسمبلیوں میں جبکہ اسلام آباد اور فاٹا کی نشستوں کے لیے پولنگ قومی اسمبلی میں ہو گی۔ سینیٹ انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن نے ضابطہ اخلاق بھی جاری کر دیا ہے۔

گزشتہ روز پنجاب اسمبلی میں نہال ہاشمی کی خالی ہونے والی سینیٹ نشست پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے حمایت یافتہ ڈاکٹر اسد اشرف 298 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار زرقا سہروردی تیمور کو صرف 38 ووٹ مل سکے۔

یہ خبر بھی پڑھیں: ڈاکٹر عاصم کو علاج کیلئے دبئی جانے کی اجازت مل گئی

سینیٹرز کی آئینی مدت 6 برس ہے اور ہر 3 برس بعد سینیٹ کے آدھے ارکان اپنی مدت پوری کر کے ریٹائر ہو جاتے ہیں اور آدھے ارکان نئے منتخب ہوکر آتے ہیں۔

اس مرتبہ بھی سینیٹ کی آدھی یعنی 52 نشستوں پر انتخابات ہونے جا رہے ہیں۔ سندھ اور پنجاب سے 12،12 سینیٹرز کا انتخاب ہوگا جب کہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان سے 11، 11 سیینیٹرز منتخب ہوں گے۔ فاٹا سے 4 اور اسلام آباد سے 2 ارکان ایوان بالا کا حصہ بنیں گے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں