لیبیا میں شوہر نے سابقہ بیوی قتل کرکے لاش کتوں کے آگے ڈال دی

لیبیا میں شوہر نے سابقہ بیوی قتل کرکے لاش کتوں کے آگے ڈال دی

طرابلس: لیبیا میں وحشیانہ قتل کا ایک لرزہ خیز واقعہ سامنے آگیا، ایک شخص نے اپنی بیوی کو قتل کرنے کے بعد اس کی لاش کے ٹکڑے کرکے کتوں کے آگے ڈال دیئے۔

مقتولہ زینب علی انفیص کے قاتل کو ایک چھوٹی فوٹیج میں دیکھا گیا ہے جس میں وہ اپنے وحشیانہ جرم کا اعتراف کر رہا ہے۔ اس واقعے نے پورے ملک کے عوام کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ یہ واقعہ گذشتہ ہفتے طرابلس کے مغرب میں پیش آیا۔ اطلاعات کے مطابق ایک گھر کے قریب سے ایک کتے کو انسانی پنڈلی اٹھائے دیکھا گیا جس کے بعد اہل علاقہ حرکت میں آئے اور انہوں نے سیکیورٹی حکام کو اس بارے میں آگاہ کیا۔ پولیس نے ایک مشکوک مکان پر چھاپہ مار کر بو بکرخلیفہ احمد نامی ایک شخص کو حراست میں لے لیا۔ اس کے گھر سے انسانی گوشت کے کچھ ٹکڑے ملے جو اس کی گرفتاری کا موجب بنے۔

مجرم نے پولیس کے سامنے اقرار جرم کیا اور کہا کہ اس نے خانگی جھگڑے پر پہلے بیوی کو طلاق دے تھی، بعد ازاں اسے قتل کرکے اس کے ٹکڑے ٹکڑے کر دیئے۔ مجرم نے بتایا کہ اس نے بیوی کو غسل خانے میں بند کرکے ذبح کیا جس کے بعد اس کے ٹکڑے ٹکڑے کرکے لاش کتوں کے آگے ڈال دی۔ اس نے کہا کہ جب وہ میری بیوی تھی تو اس نے مجھ سے خیانت کا ارتکاب کیا تھا۔