اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو جیت کیلئے 122 رنز کا ہدف دیدیا

اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو جیت کیلئے 122 رنز کا ہدف دیدیا

شارجہ: پاکستان سپر لیگ تھری کے اہم میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے لاہور قلندرز کو جیت کیلئے 122 رنز کا ٹارگٹ دیا۔

پاکستان سپر لیگ کے بارہویں میچ میں لاہور قلندرز کے کپتان برینڈن میکلم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ اسلام آباد کی جانب سے لک رونکی اور صاحبزادہ فرحان نے اننگز کا آغاز کیا، حیران کن طور پر کپتان میکلم نے فخرزمان کو نئی گیند تھمائی اور انہوں نے بھی کپتان کی امیدوں پر پورا اترتے ہوئے دوسری ہی گیند پر لک رونکی کو بولڈ کردیا۔

اسلام آباد کے دوسرے اوپنر فرحان بھی 6 رنز کے مہمان ثابت ہوئے جس کے بعد وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا۔ کپتان مصباح الحق صرف 4 رنز بناسکے جب کہ سمت پٹیل 9 اور آصف علی بھی 16 رنز تک محدود رہے۔

واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ تھری میں کراچی کنگز اور ملتان سلطان کے درمیان کھیلے جانے والے ایونٹ کا گیارواں میچ بارش کی نذر ہوگیا اور ٹاس کے بعد ایک گیند بھی نہیں کروائی جاسکی جس کے باعث دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا جب کہ دوسرا میچ بھی بارش کے باعث دیر سے شروع ہوا۔