ترکی نے ادلب میں شامی فوج کے 2 لڑاکا طیارے مار گرائے

ترکی نے ادلب میں شامی فوج کے 2 لڑاکا طیارے مار گرائے
کیپشن: ٓپریشن کے دوران ترکی کا ایک ڈرون طیارہ بھی تباہ ہوا ہے، ترکی۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فوٹو/ اسکرین گریب

ادلب: شامی صوبے ادلب میں ترکی نے شام کی سرکاری افواج کے 2 لڑاکا طیارے تباہ کر دیے۔ ترک فورسز پر شامی حکومتی افواج کے حملوں کے بعد ترکی نے شامی صوبے ادلب میں آپریشن 'اسپرنگ شیلڈ' کا آغاز کر دیا ہے۔

ترک وزارت دفاع کے مطابق آپریشن گذشتہ دنوں ترک فوج پر شامی حکومتی فورسز کے حملوں کے بعد شروع کیا گیا ہے، آپریشن میں شامی فوج کے 2 روسی ساختہ ایس یو 24 لڑاکا طیارے مار گرائے ہیں۔

ترکی کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران ترکی کا ایک ڈرون طیارہ بھی تباہ ہوا ہے۔ شامی خبررساں ادارے نے دو جہاز گرائے جانے کی تصدیق کی ہے تاہم اس کے مطابق واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور دونوں جہازوں کے پائلٹ بحفاظت نکلنے میں کامیاب ہو گئے۔

ترک حکام کا کہنا ہے کہ ترکی آپریشن کے دوران اپنے دفاع میں شامی حکومتی فوج اور ان کے اتحادیوں کو نشانہ بنایا جائے گا، اس سلسلے میں روس سے بات چیت جاری ہے، توقع کرتے ہیں شامی فوج کے حملے رکوانے کے لیے روس شام پر دباؤ ڈالے گا۔

ترک وزیر دفاع کے دعوے کے مطابق آپریشن 'اسپرنگ شیلڈ ' میں اب تک شام کے 8 ہیلی کاپٹر اور 103 ٹینکوں سمیت اہم دفاعی تنصیبات کو تباہ کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ 27 فروری کو ادلب میں شامی فوج کے ترک فورسز پر حملے میں 34 ترک فوجی جاں بحق ہوگئے تھے جس کے بعد ترکی نے بدلہ لینے کا اعلان کیا تھا۔