سیاسی انتقامی کارروائی کی وجہ سے نواز شریف لندن میں ہیں، بلاول

سیاسی انتقامی کارروائی کی وجہ سے نواز شریف لندن میں ہیں، بلاول
کیپشن: آج ہر طرف سے جمہوریت پر حملے ہو رہے ہیں، بلاول بھٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ نواز شریف سیاسی انتقامی کارروائی کی وجہ سے لندن میں ہیں۔چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے لاہور پریس کلب میں میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت ہے تو اس میں صحافیوں کا خون شامل ہے اور آج ہرطرف سے جمہوریت پر حملے ہو رہے ہیں اور حکومت نے پہلا معاشی حملہ میڈیا پر کیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اس وقت سیاسی انتقام عروج پر ہے اور پیپلزپارٹی سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے افراد نشانے پر ہیں، کوئی ماننے کو تیار نہیں کہ نواز شریف جیل یا لندن میں کرپشن کی وجہ سے ہیں بلکہ وہ سیاسی انتقامی کارروائی کی وجہ سے وہاں ہیں، سیاسی انتقام کی وجہ سے ہی آج تک پیپلز پارٹی کے کئی رہنما جیل میں ہیں۔

بلاول بھٹو نے قومی احتساب بیورو پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ نیب کالا قانون ہے جسے ختم کرنا چاہیے، اس سے صرف سیاسی انتقام کا کام لیا جا رہا ہے، عمران خان نے خود بھی تسلیم کیا کہ نیب اور معیشت ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے اسی لیے انہوں نے نیب ترمیمی آرڈیننس جاری کیا۔

ذوالفقار علی بھٹو کو سلیکٹڈ وزیراعظم کہنے پر بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کے خلاف سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ گٹر کی باتوں کو گٹر میں پھینک دینا چاہیے ، گٹر وزیر ریلوے خود ہمیشہ سلیکٹڈ وزیر ہوتا ہے، اتنے حادثات کے بعد ان کا تاحال وزیر کے عہدے رہنا حیران کن ہے، ملک کی تاریخ میں سب سے زیادہ ریلوے حادثات شیخ رشید دور میں ہوئے، وہ سلیکٹڈ ہے اور ہر سلیکٹڈ حکومت میں آتا ہے، اس لیے وہ سمجھتا ہے کہ چیف جسٹس گلزار احمد یا کوئی اور شخص بھی اس کے خلاف کچھ نہیں کر سکتا۔