الیکشن کمیشن کاہنگامی اجلاس آج ،ووٹ کو قابل شناخت بنانے کے حوالے سے آئی ٹی ماہرین سے تجاویز طلب

الیکشن کمیشن کاہنگامی اجلاس آج ،ووٹ کو قابل شناخت بنانے کے حوالے سے آئی ٹی ماہرین سے تجاویز طلب
کیپشن: الیکشن کمیشن کاہنگامی اجلاس آج ،ووٹ کو قابل شناخت بنانے کے حوالے سے آئی ٹی ماہرین سے تجاویز طلب
سورس: File Photo

اسلام آباد: سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد سینیٹ انتخابات کے بارے میں لائحہ عمل تیار کرنے کے لیے چیف الیکشن کمشنر نے آج ہنگامی اجلاس طلب کرلیا ہے جس میں آئی ٹی ماہرین سے ووٹ کو قابل شناخت بنانے سے متعلق تجاویز مانگی گئی ہیں ‘اس حوالے سے حتمی فیصلہ آج ہوگا۔

سپریم کورٹ نے صدارتی ریفرنس پر اپنی رائے دیتے ہوئے کہا تھا کہ سینیٹ انتخابات خفیہ رائے شماری کے تحت ہی ہوں گے لیکن انتخابات کو شفاف بنانے کے لیے الیکشن کمیشن کارروائی کرے۔ اس کے لیے وہ ٹیکنالوجی سے بھی مدد حاصل کرسکتا ہے۔

سپریم کورٹ کی سینیٹ الیکشن کے حوالے سے رائے سامنے آنے کے بعدوفاقی وزراء شفقت محمود، فواد چوہدری اور وزیراعظم کے مشیر شہزاد اکبراوربابراعوان پر مشتمل حکومتی خصوصی وفد نے بھی چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ اور الیکشن کمیشن کے ارکان سے ملاقات کی تھی۔حکومتی وفد نے چیف الیکشن کمشنر سے سینیٹ الیکشن میں ووٹ کی شناخت کےلیے طریقہ وضع کرنے کی درخواست کی تھی۔

حکومتی وفد کی ملاقات کے بعد اپوزیشن کے وفد نے بھی چیف الیکشن کمشنر اور ممبران سے ملاقات کی تھی اور بیلٹ پیپر پر کسی بھی قسم کے نشان لگانے کے حوالے سے اپنے تحفظات کا اظہار کیا تھا۔