تحریک انصاف کے دو ارکان اسمبلی کا واوڈا اور سیف اللہ کو ووٹ دینے سے انکار

تحریک انصاف کے دو ارکان اسمبلی کا واوڈا اور سیف اللہ کو ووٹ دینے سے انکار
کیپشن: تحریک انصاف کے دو ارکان اسمبلی کا واوڈا اور سیف اللہ کو ووٹ دینے سے انکار
سورس: فائل فوٹو

کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے ناراض ارکانِ سندھ اسمبلی اسلم ابڑو اور شہریار شر نے ایک بار پھر اپنے اغوا کا تاثر رد کر دیا۔ دونوں ارکان سندھ اسمبلی نے فیصل واوڈا اور سیف اللہ ابڑو کو ووٹ دینے سے ایک بار پھر انکار کیا۔

اسلم ابڑو نے کہا کہ یہ لوگ غیر سیاسی ہیں انہیں سیاست کا علم نہیں ہے اور ڈھائی سال گورنر کے سامنے چلاتے رہے کہ سندھ میں ترقیاتی کام کریں اور کوئی وفاقی وزیر دیہی سندھ میں نہیں آیا۔

شہریار شر بولے کہ بیلٹ خفیہ ہے تو وہ ووٹ چھپ کر بھی دے سکتے تھے کیونکہ ضمیر کے مطابق ووٹ دینا ان کا جمہوری حق ہے۔

خیال رہے کہ آج تحریک انصاف کے اراکین سندھ اسمبلی نے حکومتی امیدوار کو ووٹ نہ دینے کا اعلان کرنے والے اپنے تین باغی اراکین کی پٹائی کر دی۔ نیونیوز کےمطابق سندھ اسمبلی کا اجلاس جاری تھا کہ اس دوران تحریک انصاف کے تین باغی ارکان کریم بخش گبول، شہریار شر اور اسلم ابڑو ایوان میں پہنچے اور حاضری لگائی جبکہ حکومتی اراکین نے تینوں ایم پی ایز کا استقبال کیا جس پر پی ٹی آئی اراکین آگ بگولہ ہوگئے۔

سندھ اسمبلی میں باغی ارکان کے آنے پر پی ٹی آئی کے پہلے سے موجود اراکین نے شور شرابا شروع کر دیا اور آپس میں گتھم گتھا ہو گئے ۔ پی ٹی آئی اراکین نے باغی اراکین کی خوب پٹائی لگائی جس پر پیپلز پارٹی اراکین بیچ بچاؤ کے لیے آ گئے۔ بعد ازاں اسپیکر نے ایوان میں ہلڑ بازی کے بعد اجلاس کل تک ملتوی کر دیا۔