سینیٹ الیکشن، یوسف رضا گیلانی کے بیٹے کی ووٹ خریداری کی مبینہ ویڈیو سامنے آ گئی

سینیٹ الیکشن، یوسف رضا گیلانی کے بیٹے کی ووٹ خریداری کی مبینہ ویڈیو سامنے آ گئی
کیپشن: سینیٹ الیکشن، یوسف رضا گیلانی کے بیٹے کی ووٹ خریداری کی مبینہ ویڈیو سامنے آ گئی
سورس: فوٹو/اسکرین گریب نیو نیوز

لاہور: سینیٹ الیکشن میں پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدوار یوسف رضا گیلانی کے بیٹے کی ووٹ خریداری کی مبینہ ویڈیو نیو نیوز نے حاصل کر لی۔ ذرائع کے مطابق ویڈیو ایک ہفتے پرانی ہے جس میں یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے علی موسیٰ گیلانی تحریک انصاف کے رکن اسمبلی سے ووٹ خریدنے کی بات کر رہے تھے۔ ویڈیو میں علی موسیٰ گیلانی تحریک انصاف کے رکن اسمبلی کو ووٹ ضائع کرنے کا طریقہ بتا رہے تھے۔ 

دوسری جانب معاون خصوص شہباز گل نے علی موسی گیلانی کی مبینہ ویڈیو سامنے آنے کے بعد الیکشن کمیشن سے نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ 

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کہا ہے کہ 3 مارچ کو ہونے والے آئندہ سینیٹ انتخابات آئین و قانون میں دیے گئے طریقہ کار کے مطابق ماضی کی طرز پر ہی منعقد کیے جائیں گے۔ 

الیکشن کمیشن سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ یہ فیصلہ وقت کی کمی کے باعث کیا گیا۔ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی سربراہی میں ای سی پی کا اجلاس ہوا جس میں اراکین جسٹس (ر) الطاف ابراہیم قریشی، جسٹس ارشاد قیصر، شاہ محمد جتوئی اور نثار احمد نے شرکت کی۔

بیان کے مطابق مذکورہ اجلاس یکم مارچ کو اسی روز ہوا جس دن سپریم کورٹ آف پاکستان نے سینیٹ انتخابات سے متعلق صدارتی ریفرنس پر رائے دی۔

سپریم کورٹ نے اپنی رائے میں کہا تھا کہ ایوان بالا کے انتخابات آئین کی دفعہ 226 کے تحت خفیہ رائے شماری کے ذریعے ہوں گے۔ اجلاس میں سپریم کورٹ کے مختصر حکم نامے پر تبادلہ خیال کیا گیا اور اس پر 'من و عن عمل' کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔