پی ایس ایل، اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو چھ وکٹوں سے شکست دیدی

پی ایس ایل، اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو چھ وکٹوں سے شکست دیدی
سورس:   فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) چھ کے بارہویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پال سٹرلنگ کی جارحانہ نصف سنچری کی بدولت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو چھ وکٹوں سے شکست دیدی ہے، پال سٹرلنگ نے عمدہ بلے بازی کرتے ہوئے 56 رنز کی اننگز کھیلی۔ 

تفصیلات کے مطابق نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا 156 رنز کا ہدف چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ اوپننگ بلے باز پال سٹرلنگ اور ایلکس ہیلز نے اننگز کا آغاز کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 76 رنز جوڑ کر جیت کی بنیاد رکھ دی تاہم اس موقع پر ایلکس ہیلز 13 گیندوں پر پانچ چوکوں کی مدد سے 23 رنز بنا کر زاہد محمود کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔ 

اسلام آباد یونائیٹڈ کے دوسرے آﺅٹ ہونے والے کھلاڑی پال سٹرلنگ تھے جنہوں نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے 33 گیندوں پر دو چھکوں اور آٹھ چوکوں کی مدد سے 56 رنز کی اننگز کھیلی اور اپنی ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا، وہ 93 کے مجموعی سکور پر زاہد محمود کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے۔ وکٹ کیپر بلے باز روحیل نذیر نے 28 گیندیں کھیل کر ایک چھکے اور چار چوکوں کی مدد سے 34 رنز بنائے اور ڈیل سٹین کا شکار بنے جبکہ نسیم شاہ نے ان کا کیچ لیا۔ کپتان شاداب خان نے 17 گیندوں پر دو چوکوں کی مدد سے 21 رنز بنائے جبکہ آصف علی نے 16 رنز کی اننگز کھیلی۔ 

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے زاہد محمود سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے چار اوورز میں 29 رنز کے عوض دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ ڈیل سٹین اور محمد حسنین ایک، ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہو سکے۔ 

قبل ازیں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو بیٹنگ کی دعوت دی جس نے سرفراز احمد کی عمدہ اننگز کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 156 رنز بنائے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے صائم ایوب اور کیمرون ڈیلپورٹ نے اننگز کا آغاز کیا تو صائم ایوب آج بھی ناکام رہے اور صرف سات کے مجموعی سکور پر حسن علی کی گیند پر پال سٹرلنگ کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ کیمرون ڈیلپورٹ بھی 21 کے مجموعی سکور پر ہمت ہار بیٹھے اور تین گیندوں پر ایک سکور بنا کر فہیم اشرف کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔ 

مجموعی سکور میں محض چھ رنز کے اضافے کے ساتھ ہی فاف ڈوپلیسی بھی چلتے بنے، وہ 17 رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ مڈل آرڈر بلے باز اعظم خان بھی کچھ دیر کے مہمان ثابت ہوئے اور صرف چار رنز بنا کر فہیم اشرف کی گیند پر افتخار احمد کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے پانچویں آﺅٹ ہونے والے کھلاڑی بین کٹنگ تھے جنہوں نے 17 گیندوں پر ایک چھکے اور دو چوکوں کی مدد سے 23 رنز بنائے اور شاداب خان کی گیند پر روحیل نذیر کے ہاتھوں سٹمپ آﺅٹ ہوئے۔ 

ایک جانب کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا تو دوسری جانب سرفراز احمد آج کسی اور موڈ میں ہی نظر آئے جنہوں نے جارحانہ اور ذمہ دارانہ بلے بازی کرتے ہوئے اسلا آباد یونائیٹڈ کو اچھا ہدف دینے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ انہوں نے افتخار احمد کو ایک ہی اوور میں مسلسل چار چھکے بھی لگائے اور 40 گیندوں پر چار چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 54 رنز کی اننگز کھیل کر نمایاں رہے۔ دیگر بلے بازوں میں محمد نواز نے ناقابل شکست 31 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ زاہد محمود نے پانچ رنز بنائے۔ 

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے فہیم اشرف سب سے کامیاب باﺅلر رہے جنہوں نے چار اوورز میں صرف 11 رنز کے عوض تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور حسن علی نے دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ کپتان شاداب خان ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کرنے میں کامیاب ہوئے۔ 

واضح رہے کہ میچ کیلئے اسلام آباد یونائیٹڈ کی قیادت شاداب خان نے کی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں پال سٹرلنگ، روحیل نذیر، ایلکس ہیلز، حسین طلعت، آصف علی، افتخار احمد، فہیم اشرف، محمد وسیم، حسن علی اور موسیٰ خان شامل ہیں۔ 

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی قیادت سرفراز احمد نے کی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں فاف ڈوپلیسی، کیمرون ڈیلپورٹ، اعظم خان، صائم ایوب، بین کٹنگ، محمد نواز، زاہد محمود، ڈیل سٹین، محمد حسنین اور نسیم شاہ شامل ہیں۔