یونیسکو میں بیت المقدس کے بارے قرارداد پراسرائیل اور جرمنی میں کشیدگی

یونیسکو میں بیت المقدس کے بارے قرارداد پراسرائیل اور جرمنی میں کشیدگی

مقبوضہ بیت المقدس : اقوام متحدہ کے ادارہ برائے سائنس وثقافت یونیسکو میں بیت المقدس کے بارے میں اسرائیلی موقف کے خلاف قرارداد پیش کرنے کے معاملے پر جرمنی اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی سامنے آئی ہے۔العربیہ ٹی وی کے مطابق اسرائیلی وزارت خارجہ کے ایک عہدیدار نےاپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ جرمنی نے یونیسکو کی انتظامی کمیٹی میں اسرائیل مخالف قرارداد روکنے اور عرب ممالک کے ساتھ مل کر یورپی ملکوں کو بھی قرارداد کے خلاف رائے شماری میں حصہ لینے سے روکنے کی کوشش کی ہے۔
انہوں نے کہاکہ یونیسکو میں (آج) منگل کو پیش کی جانے والی قرارداد ایک حساس معاملہ ہے۔ یہ قرارداد عرب ممالک کی طرف سے پیش کی جائے گی جس میں بیت المقدس میں اسرائیلی سرگرمیوں کی سخت مخالفت کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ جرمنی اور اسرائیل کے درمیان تازہ تناو ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاھو نے دو روز قبل بیت المقدس کے دورے پرآئے جرمن وزیرخارجہ زیگمار گبرییل سے ملاقات سے انکار کردیا تھا۔